دینہ: چیف آفیسر میونسپل کمیٹی دینہ اور ایم او آئی کی آشیر باد سے شہر بھر میں تجاوزات مافیا کا راج ہے، وزیر اعلی پنجاب اور ڈپٹی کمشنر جہلم کے احکامات صرف فوٹو سیشن تک محدود، راہگیروں کو مشکلات کا سامنا ہے۔
تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل دینہ میں مین بازار، منگلا روڈ، سروس روڈ اور ریلوے روڈ پر تجاوزات کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ مین بازار میں پیدل چلنا بھی محال ہے۔ جگہ جگہ رکشوں کی بھرمار ہے، خاص طور پر مین بازار میں خواتین کو خریداری کے دوران کافی مشکل پیش آتی ہیں۔
دکانوں کے آگے ٹھیے لگے ہوئے ہیں جن سے دکاندار ہزاروں روپے کرایہ وصول کر رہے ہیں اور انتظامیہ کو بھی خوش کیا جاتا ہے جس کی وجہ سے انتظامیہ اعلی حکام کے احکامات پر وقتی طور پر تجاوزات کے خلاف کارروائی کرتی ہے۔ فوٹو سیشن کر کے اعلی حکام کی آنکھوں میں دھول جھونکی جاتی ہے اور کچھ دیر بعد پھر سے تجاوزات قائم ہو جاتی ہے جس سے شہری شدید پریشان ہیں۔
شہریوں نے وزیراعلی پنجاب، وزیر بلدیات اور ڈپٹی کمشنر جہلم سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ دینہ شہر کو تجاوزات مافیا سے پاک کروایا جائے اور ساتھ ہی ساتھ انتظامیہ کے خلاف بھی کارروائی کی جائے۔


