سوہاوہ: ڈومیلی کے علاقے بڑاگواہ میں دی فاسٹ سکول اینڈ کالج میں نہم، دہم، فرسٹ ایئر، سیکنڈ ایئر اور تھرڈ ایئر کی کلاسز میں نمایاں کارکردگی دکھانے والی طالبات کے اعزاز میں تقسیمِ انعامات کی پر وقار اور رنگارنگ تقریب انعقاد پذیر ہوئی۔
تقریب کا آغاز تلاوتِ قرآنِ پاک اور نعتِ رسولِ مقبول ﷺ سے کیا گیا جس کے بعد شرکاء نے کامیاب طالبات کے لیے بھرپور تالیاں بجا کر حوصلہ افزائی کی۔
تقریب میں احسن محمود چوہدری ڈائریکٹر دی ویژن سکول اینڈ کالج بڑاگواہ، نبیل احمد پرنسپل احسن پبلک سکول اینڈ کالج پدھری، ماسٹر حافظ سعید ریاض، ماسٹر احمد فضیل، راجہ محمود کیانی، راجہ محسن کیانی سمیت کامیاب طالبات کے والدین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
مہمانوں نے نہم، دہم، فرسٹ ایئر، سیکنڈ ایئر اور تھرڈ ایئر میں نمایاں کارکردگی دکھانے والی طالبات میں انعامات تقسیم کیے اور انہیں شاندار کامیابی پر مبارک باد دی۔ تقریب میں بیسٹ ٹیچر پرفارمنس ایوارڈ شمیم اختر، رمشاء طارق اور بشریٰ رشید کے حصے میں آیا۔
تقریب کے اختتام پر ڈائریکٹر دی فاسٹ سکول اینڈ کالج بڑاگواہ جنید ظہور کیانی نے تمام مہمانوں کو اپنے دستِ مبارک سے شیلڈز پیش کیں، جبکہ پرنسپل طاہرہ پروین نے بھی مختصر مگر مؤثر خطاب کیا۔
خطاب کرتے ہوئے جنید ظہور کیانی نے کہا کہ کامیاب طالبات حقیقی معنوں میں مبارک باد کی مستحق ہیں جنہوں نے محنت اور لگن سے آج یہ مقام حاصل کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس کامیابی کے پیچھے اساتذہ اور والدین کی انتھک محنت شامل ہے۔ انہوں نے طالبات کو نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم کے ساتھ کوئی ہنر سیکھنا بھی وقت کی اہم ضرورت ہے۔
آخر میں انہوں نے کہا کہ آج کی تقریب میں سیاسی شخصیات کو نہیں بلکہ تعلیم سے وابستہ افراد کو دعوت دی گئی ہے، کیونکہ اصل خدمت وہی کرتے ہیں جو تعلیم کے میدان میں نوجوان نسل کو روشن مستقبل دیتے ہیں۔


