پنڈدادنخان: جہلم پولیس نے ایک اہم کارروائی کے دوران چوری کی متعدد وارداتوں میں ملوث چپرو گینگ کے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے جبکہ بھاری مقدار میں نقدی اور ناجائز اسلحہ بھی برآمد کر لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل پنڈدادنخان میں ایس ایچ او تھانہ جلالپور شریف صداقت علی اور ان کی ٹیم نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے دو ملزمان کو گرفتار کیا۔ پولیس نے ملزمان کے قبضے سے 3 لاکھ 30 ہزار روپے نقدی اور وارداتوں میں استعمال ہونے والا ناجائز اسلحہ (12 بور رائفل / کلاشنکوف نما) برآمد کر لیا۔
پولیس حکام کے مطابق گرفتار ملزمان چوری کی متعدد وارداتوں میں ملوث رہے ہیں۔ ملزمان کو ٹھوس شواہد کے ساتھ چالان عدالت پیش کیا جائے گا تاکہ انہیں قانون کے مطابق قرار واقعی سزا دلوائی جا سکے۔
اس موقع پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم طارق عزیز سندھو نے کہا کہ شہریوں کو ان کے قیمتی اثاثوں سے محروم کرنے والے ملزمان کسی قسم کی رعایت کے مستحق نہیں ہیں، جرائم پیشہ عناصر کے خلاف جہلم پولیس کی کارروائیاں بلا امتیاز جاری رہیں گی۔


