جہلم: چوہدری راشد محمود نے کہا کہ پنجاب کے مختلف اضلاع میں بی ایس ڈگری ہولڈر اساتذہ کو ترقی دی جا چکی ہے، اسی طرز پر ضلع جہلم میں بھی بی ایس ڈگری ہولڈر پرائمری اسکول ٹیچرز (PSTs) کو ایلیمنٹری اسکول ٹیچر (EST) کے عہدے پر ترقی دی جائے۔
چوہدری راشد محمود صدر پنجاب ٹیچر یونین جہلم نے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم کسی بھی قوم کی ترقی کی بنیاد ہوتی ہے اور استاد اس بنیاد کا سب سے مضبوط ستون ہے، مگر افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ موجودہ تعلیمی نظام میں کئی باصلاحیت، محنتی اور اعلیٰ تعلیم یافتہ اساتذہ صرف پالیسی کی خامیوں کی وجہ سے ترقی سے محروم ہیں۔
انہوں نے کہا کہ محکمہ تعلیم پنجاب میں خدمات انجام دینے والے بی ایس (16 سالہ تعلیم) ڈگری ہولڈر پرائمری اسکول ٹیچرز ایک طویل عرصے سے EST کے عہدے پر ترقی کے حق سے محروم چلے آ رہے ہیں، حالانکہ وہ جدید تدریسی طریقوں، تحقیقی سوچ، مضمون فہمی اور ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال کی مکمل صلاحیت رکھتے ہیں۔
چوہدری راشد محمود کا کہنا تھا کہ بی ایس ڈگری کوئی عام ڈگری نہیں بلکہ ایک جدید، پیشہ ورانہ اور تدریسی مہارتوں پر مبنی اعلیٰ تعلیمی معیار ہے، جسے حکومتِ پنجاب خود مختلف سروس رولز، بھرتیوں اور سرکاری اداروں کے ذریعے تسلیم کرتی رہی ہے۔ اس کے باوجود 2014 کی پروموشن پالیسی میں بی ایس ڈگری ہولڈر پی ایس ٹیز کے لیے ای ایس ٹی کے عہدے تک پہنچنے کا کوئی واضح اور منصفانہ راستہ موجود نہیں، جو ایک سنگین ناانصافی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایک ہی محکمے میں کم تعلیمی قابلیت رکھنے والے اساتذہ ترقی پا جاتے ہیں، جبکہ زیادہ تعلیم یافتہ اور باصلاحیت اساتذہ پالیسی خلا کی وجہ سے پیچھے رہ جاتے ہیں۔ اس ناانصافی سے نہ صرف اساتذہ کے حوصلے متاثر ہوتے ہیں بلکہ اس کا براہِ راست نقصان طلبہ اور مجموعی تعلیمی معیار کو بھی پہنچتا ہے۔
صدر پنجاب ٹیچر یونین جہلم نے مطالبہ کیا کہ اگر واقعی تعلیم میں بہتری مقصود ہے تو قابلیت، تعلیم اور میرٹ کو حقیقی معنوں میں اہمیت دی جائے، پروموشن پالیسی پر نظرِ ثانی کی جائے، بی ایس ڈگری ہولڈر PSTs کو EST کے عہدے کے لیے اہل تسلیم کیا جائے اور ایک منصفانہ، شفاف اور میرٹ پر مبنی نظام متعارف کروایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ یہ مطالبہ کسی ایک فرد کا نہیں بلکہ ہزاروں اساتذہ کی مشترکہ آواز ہے جو صرف اپنا جائز اور قانونی حق مانگ رہے ہیں۔


