پنڈدادنخان: ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے اسسٹنٹ کمشنر پنڈ دادنخان نادیہ پروین کے ہمراہ رورل ہیلتھ سینٹر (RHC) للِہ کا معائنہ کیا۔
اس موقع پر انہوں نے ہسپتال کے مختلف وارڈز، ایمرجنسی، لیبارٹری اور فارمیسی کا تفصیلی جائزہ لیا تاکہ مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کے معیار کو یقینی بنایا جا سکے۔ ڈپٹی کمشنر نے ہسپتال میں صفائی کے انتظامات اور عملے کی حاضری کو بھی چیک کیا۔
ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن نے زیرِ علاج مریضوں سے ملاقات کی اور ان سے ہسپتال کے عملے کے رویے اور ادویات کی مفت فراہمی سے متعلق دریافت کیا۔ انہوں نے اسسٹنٹ کمشنر نادیہ پروین کو ہدایت کی کہ وہ ہسپتال کے انتظامی امور کی باقاعدگی سے نگرانی کریں اور ادویات کے سٹاک کو یقینی بنائیں۔
ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ طبی سہولیات کی فراہمی میں کسی قسم کی کوتاہی یا غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔
ڈپٹی کمشنر جہلم نے ہسپتال کے احاطے میں صفائی کے نظام کو مزید بہتر بنانے اور تمام طبی مشینری کے فعال ہونے کو یقینی بنانے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ دور دراز علاقوں کے مراکزِ صحت میں ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف کی موجودگی اولین ترجیح ہے۔
ڈپٹی کمشنر نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وہ مریضوں کی سہولت کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائیں تاکہ عوام کو دہلیز پر بہترین علاج میسر آ سکے۔


