جہلم: پولیس نے دہشت گردی اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیوں کے سلسلے میں ضلع بھر میں سپیشل سرچ آپریشنز اور ناکہ بندیاں عمل میں لائیں، جن کے دوران مختلف علاقوں میں سیکیورٹی اقدامات کو مزید مؤثر بنایا گیا۔
ترجمان کے مطابق ضلع کے 14 مختلف مقامات پر سرچ آپریشنز کیے گئے، جن میں 374 افراد، 163 گھروں اور 8 بس اسٹینڈز و ہوٹلز کی مکمل چیکنگ کی گئی۔ ان کارروائیوں کا مقصد دہشت گردوں اور جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی کے ساتھ ساتھ اہم تنصیبات کی سیکیورٹی کو فول پروف بنانا تھا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ایسے سرچ آپریشنز کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا تاکہ ضلع میں امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھا جا سکے اور عوام کو محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے۔
جہلم پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے اردگرد کے ماحول پر کڑی نظر رکھیں اور کسی بھی مشکوک شخص، غیر قانونی طور پر مقیم افراد یا جرائم پیشہ سرگرمیوں میں ملوث عناصر کے بارے میں فوری طور پر پولیس کو آگاہ کریں۔
حکام کے مطابق بروقت اطلاع نہ صرف کسی بڑے جرم کو ہونے سے روک سکتی ہے بلکہ معاشرے میں امن و امان کے قیام میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہے۔ شہری کسی بھی مشتبہ سرگرمی کی اطلاع فوری طور پر قریبی تھانے یا پولیس ہیلپ لائن 15 پر دیں تاکہ فوری کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔


