جہلم: شدید گرمی اور حبس کے دوران ضلع جہلم کی چاروں تحصیلوں کے مختلف علاقوں میں اعلانیہ و غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ ایک بار پھر شروع ہو گیا، جس کے باعث گھروں، دکانوں اور کاروباری مراکز میں معمولاتِ زندگی بری طرح متاثر ہونے لگے ہیں۔
ذرائع کے مطابق جہلم شہر اور مضافاتی علاقوں میں بجلی کی فراہمی وقفے وقفے سے معطل ہونے کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، جبکہ بعض علاقوں میں بجلی کی آنکھ مچولی کے ساتھ کم وولٹیج کی شکایات نے صارفین کی پریشانی مزید بڑھا دی ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ شدید حبس کے موسم میں مسلسل دو سے تین گھنٹے بجلی بند رہنے سے گھروں میں خواتین، بچوں اور بزرگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ دوسری جانب رات کے اوقات میں بجلی کی طویل بندش کے باعث شہریوں کی نیند بھی متاثر ہو رہی ہے۔
بجلی کی بار بار بندش سے کاروباری سرگرمیاں بھی متاثر ہو رہی ہیں، جبکہ دکان داروں اور دیگر کاروباری افراد کو معمول کے کام جاری رکھنے میں دشواری کا سامنا ہے۔
صارفین نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا فوری خاتمہ کیا جائے اور کم وولٹیج کے مسئلے کا مستقل حل یقینی بنایا جائے تاکہ شدید گرمی اور حبس میں شہریوں کو درپیش مشکلات کا خاتمہ ہو سکے۔


