پنڈدادنخان میں للِہ سرائے مارٹن روڈ پر مسافر وین گہری کھائی میں جا گری، حادثے میں 8 خواتین سمیت 12 افراد زخمی ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل پنڈدادنخان میں للِہ سرائے مارٹن روڈ پر للِہ کے قریب مسافر وین بریک فیل ہونے کے باعث بے قابو ہو کر گہری کھائی میں جا گری، جس کے نتیجے میں 8 خواتین سمیت 12 افراد زخمی ہو گئے۔
ریسکیو 1122 کے مطابق حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔ حادثے میں زخمی ہونے والے چھ افراد کو موقع پر ہی ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی، جبکہ دیگر چھ زخمیوں کو طبی امداد دیتے ہوئے رورل ہیلتھ سینٹر للِہ منتقل کر دیا گیا۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق وین میں سوار افراد راولپنڈی میں شادی کی تقریب میں شرکت کے بعد ملتان جا رہے تھے کہ راستے میں بریک فیل ہونے کے باعث حادثہ پیش آ گیا۔
زخمیوں میں 50 سالہ فاطمہ، 13 سالہ عبداللہ، 39 سالہ ثوبیہ، 40 سالہ نصرت، 42 سالہ عاصمہ، 16 سالہ بسمہ، 20 سالہ تانیہ، 12 سالہ ہادی، 22 سالہ جنید، 22 سالہ علیشاء، 45 سالہ طاہر اور 18 سالہ مہک شامل ہیں۔
ریسکیو 1122 کی ٹیموں نے زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کرتے ہوئے ہسپتال منتقل کیا۔


