جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم عاصمہ اعجاز چیمہ نے رات گئے رورل ہیلتھ سینٹر دینہ کا اچانک دورہ کیا اور وہاں طبی سہولیات کی فراہمی، ہسپتال کے انتظامی امور اور عملے کی حاضری کا جائزہ لیا۔ دورے کا مقصد رات کے اوقات میں مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی خدمات کی دستیابی اور معیار کو جانچنا تھا۔
دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے ہسپتال کے مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیا اور علاج معالجے کی سہولیات، طبی عملے کی موجودگی اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی خدمات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے مریضوں اور ان کے لواحقین سے بھی گفتگو کی اور ہسپتال میں دستیاب طبی سہولیات کے حوالے سے ان کی آراء معلوم کیں۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر عاصمہ اعجاز چیمہ نے واضح کیا کہ صحت عامہ کی سہولیات کی فراہمی میں غفلت، عملے کی غیر حاضری اور فرائض کی ادائیگی میں کوتاہی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور اس حوالے سے زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے گی۔
انہوں نے طبی عملے کی بروقت دستیابی، مریضوں کو معیاری علاج معالجے کی فراہمی اور ہسپتال کے انتظامی امور کی مؤثر نگرانی یقینی بنانے پر زور دیا۔


