سوہاوہ: وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی نے سوہاوہ میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا، جس میں وزیراعظم کے بین الاقوامی میڈیا کے لیے ترجمان مشرف زیدی بھی ان کے ہمراہ تھے۔
وزیر مملکت نے پانچ گھنٹے سے زائد وقت تک شہریوں کے مسائل اور شکایات سنیں اور ان کے حل کے لیے موقع پر ہی متعلقہ محکموں کو ضروری اقدامات کی ہدایات جاری کیں۔
کھلی کچہری میں خواتین، بزرگوں سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی اور اپنے انفرادی و اجتماعی مسائل وزیر مملکت کے سامنے پیش کیے۔ بلال اظہر کیانی نے ہر سائل کی شکایت پوری توجہ، تحمل اور اطمینان سے سنی اور متعلقہ محکموں کو شہریوں کی داد رسی کے لیے احکامات جاری کیے۔
کھلی کچہری میں پانی، بجلی، سیوریج، روزگار اور باہمی جھگڑوں سمیت مختلف نوعیت کے مسائل پیش کیے گئے۔ تاہم اب تک منعقد ہونے والی کھلی کچہریوں میں نمایاں طور پر زمینوں کی تقسیم، اراضی پر قبضوں اور زمینوں کی منتقلی سے متعلق شکایات سامنے آئی ہیں۔
اس موقع پر وزیر مملکت بلال اظہر کیانی نے مشرف زیدی کو بتایا کہ شہریوں کی جانب سے موصول ہونے والی شکایات کا باقاعدہ ریکارڈ مرتب کیا جا رہا ہے اور ان پر ہونے والی پیش رفت کا مسلسل جائزہ لیا جاتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ شکایات پر کارروائی اور پیش رفت کی نگرانی کے لیے باقاعدہ ٹریکنگ سسٹم بھی وضع کیا گیا ہے۔
کھلی کچہری میں بعض شہری ایسے بھی موجود تھے جو گزشتہ کھلی کچہریوں میں پیش کیے گئے اپنے مسائل حل ہونے پر وزیر مملکت بلال اظہر کیانی کا شکریہ ادا کرنے آئے تھے۔
وزیر مملکت بلال اظہر کیانی نے سائلین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوام کے انفرادی اور اجتماعی مسائل کے حل کے لیے کھلی کچہریوں کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا تاکہ شہریوں کو اپنی شکایات براہِ راست پیش کرنے اور ان کے ازالے کے لیے مؤثر فورم میسر رہے۔


