جہلم سمیت پنجاب بھر میں گندم کی خریداری اور آٹے کی قیمتوں سے متعلق حکومتی پالیسی کے اثرات اب براہِ راست عام آدمی کی زندگی کو متاثر کرنے لگے ہیں۔
ایک طرف کسان اپنی فصل کی مناسب قیمت اور بروقت فروخت کے مسائل سے دوچار رہے، تو دوسری جانب اب صارفین کو آٹے کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ مارکیٹ میں آٹے کی فروخت کی قیمت 6 ہزار روپے سے تجاوز کر چکی ہے، جس کے باعث موجودہ صورتِ حال عام شہری کے گھریلو بجٹ کے لیے ایک سنگین مسئلہ بنتی جا رہی ہے۔
گندم جیسی بنیادی غذائی جنس کے معاملے میں پیدا ہونے والی یہ صورتِ حال پنجاب حکومت کی خریداری پالیسی اور اس کے عملی نتائج پر کئی سوالات اٹھا رہی ہے۔
اس تمام صورتِ حال کا ایک اہم پہلو یہ ہے کہ جب رواں سال گندم کی فصل پک کر تیار ہوئی اور کسان اپنی پیداوار مارکیٹ میں لے کر آئے تو اس وقت حکومت پنجاب کی جانب سے سرکاری خریداری کا مؤثر انتظام دیکھنے میں نہیں آیا۔ اگر حکومت اس مرحلے پر کسانوں سے مناسب مقدار میں گندم خرید کر سرکاری ذخائر قائم کرتی تو مارکیٹ میں رسد اور قیمتوں کو متوازن رکھنے میں مدد مل سکتی تھی۔
تاہم سرکاری خریداری نہ ہونے کے باعث کسانوں کو اپنی پیداوار نجی خریداروں کے ہاتھ فروخت کرنا پڑی۔ اس صورتِ حال میں بڑی مقدار میں گندم تاجروں اور ذخیرہ اندوزوں کے پاس چلی گئی، جنہیں بعد ازاں مارکیٹ میں اپنی شرائط پر اجناس فروخت کرنے کا بھرپور موقع ملا۔
حکومت کی جانب سے گندم کی قیمت تقریباً 4 ہزار روپے فی من مقرر کیے جانے کے باوجود آٹے کے نرخوں میں نمایاں فرق ایک اہم سوال بن چکا ہے۔


