جہلم: غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کو واپس بھیجنے کا عمل پوری رفتار کے ساتھ جاری رکھا جائے گا، عارضی کیمپس میں تمام بنیادی سہولیات اور سکیورٹی کے انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔
یہ بات ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل صباء سحر نے گورنمنٹ الطاف حسین ہائی سکول میں قائم کئے گئے کیمپ کا دورہ کرتے ہوئے کہی۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل نے کیمپ میں عارضی طور پر منتقل کئے جانے والے غیر ملکیوں کی رہائش، کھانے پینے کے انتظامات، سکیورٹی سمیت دیگر سہولیات کا جائزہ لیتے ہوئے ہدایت کی کہ حکومتی ہدایات کی روشنی میں تمام غیر قانونی غیر ملکیوں کو ہر صورت پاکستان چھوڑنا ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ سکیورٹی ادارے ضلعی انتظامیہ سے مل کر ہر غیر ملکی کو اس کے متعلقہ ملک کے حوالے کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائیں۔ ملک بدری کے دوران انسانی حقوق کا بھرپور تحفظ کیا جائے گا۔ عارضی کیمپس میں رہنے کی مقررہ مدت کے دوران ہر قسم کی ضروریات زندگی فراہم کرنے کے لیے ضلعی انتظامیہ ہر وقت تیار ہے۔