نیویارک: امریکا کی ریاست ٹیکساس میں قتل پاکستانی ڈاکٹر طلعت خان کی نماز جنازہ ہیوسٹن کی حمزہ مسجد میں ادا کردی گئی۔
ڈاکٹر طلعت خان کی نماز جنازہ میں پاکستانی قونصل جنرل سمیت سابق وفاقی وزیر بابر غوری، ٹیکساس کی ریاستی اسمبلی کے رکن سلیمان لالانی اور پاکستانی کمیونٹی نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔قونصل جنرل ہیوسٹن آفتاب چوہدری سمیت سیکڑوں افراد نے شرکت کی۔
مقتولہ کے بھائی وجاہت خان نے نماز جنازہ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کی بہن انتہائی انسان دوست اور شفیق خاتون تھیں اور وہ انصاف چاہتے ہیں۔مقتولہ کاجسدِ خاکی بعد ازاں امریکی شہر سیاٹل روانہ کر دیا گیا جہاں سے مقتولہ 2 ماہ قبل اپنی بیٹی کے ساتھ رہائش کے لیے ہیوسٹن آئی تھیں، تاہم مقتولہ کے خاوند گوہر خان اپنے بیٹے احمد کے ہمراہ سیاٹل میں ہی رہائش پزیر ہیں۔
واضح رہے کہ کراچی سے تعلق رکھنے والی 52 سالہ خاتون ڈاکٹر طلعت جہاں کو امریکی ریاست ٹیکساس کے شہر کانرو میں ان کی رہائش گاہ کے سامنے لمبے چاقو کے پے در پے وار کر کے قتل کر دیا گیا تھا۔