جہلم پولیس کی سالانہ کارکردگی رپورٹ جاری،سال 2025 میں 138 گینگز کو گرفتار کر کے ساڑھے آٹھ کروڑ روپے سے زائد مالیت کا مال مسروقہ برآمد کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم طارق عزیز سندھو کی قیادت میں جہلم پولیس نے سال 2025 کے دوران امن و امان کے قیام، جرائم کی بیخ کنی اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے نمایاں اور تاریخی کامیابیاں حاصل کیں۔ قتل، چوری، ڈکیتی، راہزنی، منشیات اور دیگر سنگین جرائم کے خلاف بھرپور اور مؤثر کارروائیاں عمل میں لائی گئیں، جبکہ کمیونٹی پولیسنگ، بروقت انصاف کی فراہمی اور عوامی اعتماد کی بحالی کو بھی یقینی بنایا گیا۔
سال 2025 کے دوران ضلع جہلم میں قتل کے 41 مقدمات درج کیے گئے، جن میں ملوث 71 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ اسی طرح راہزنی کے 127 مقدمات میں 182 ملزمان کو قانون کی گرفت میں لایا گیا، جبکہ ڈکیتی کے 2 مقدمات میں 8 ملزمان گرفتار کیے گئے۔ ڈکیتی معہ قتل کے 2 مقدمات میں 3 خطرناک ملزمان کو بھی گرفتار کیا گیا۔
خواتین اور بچوں کے تحفظ کے حوالے سے بھی جہلم پولیس نے مؤثر اقدامات کیے۔ سال 2025 میں بچوں اور خواتین کے ساتھ زیادتی کے 28 مقدمات درج ہوئے، جن میں 32 ملزمان گرفتار کیے گئے۔ کم عمر بچیوں سے زیادتی کے 7 مقدمات میں 5 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ ریپ کے 36 مقدمات میں 43 جبکہ گینگ ریپ کے 24 مقدمات میں 48 ملزمان کو گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا گیا۔
جہلم پولیس نے اشتہاری اور عدالتی مفرور ملزمان کے خلاف بھی بھرپور کارروائیاں کرتے ہوئے مجموعی طور پر 957 اشتہاری مجرمان کو گرفتار کیا، جن میں کیٹگری اے کے 199، کیٹگری بی کے 509 جبکہ 239 عدالتی مفرور شامل ہیں۔ جرائم برخلاف املاک کے خلاف کارروائیوں کے دوران 138 گینگز کو ٹریس کر کے 371 ملزمان گرفتار کیے گئے، جن سے مجموعی طور پر 8 کروڑ 89 لاکھ 82 ہزار 190 روپے مالیت کا مالِ مسروقہ برآمد کیا گیا۔
منشیات کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت سال 2025 میں 549 مقدمات درج کیے گئے اور 566 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ ان کارروائیوں کے دوران 210 کلو 685 گرام چرس، 81 کلو 749 گرام ہیروئن، 1 کلو 200 گرام افیون اور 10 ہزار 118 بوتلیں شراب برآمد کی گئیں۔
غیر قانونی اسلحہ کے خلاف کارروائیوں میں 373 مقدمات درج کر کے 383 ملزمان گرفتار کیے گئے، جن کے قبضے سے 329 پسٹل، 93 کلاشنکوف و دیگر گنز اور 2863 گولیاں برآمد ہوئیں۔ اسی طرح پتنگ بازی کے خلاف 35 مقدمات درج کر کے 35 ملزمان کو گرفتار کیا گیا جبکہ 1078 پتنگیں اور 52 عدد ڈوریں ضبط کی گئیں۔
عوامی سہولیات کے حوالے سے سال 2025 میں جہلم پولیس خدمت مراکز سے 32 ہزار 689 شہریوں نے مختلف سہولیات حاصل کیں۔ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر 83 ہزار 567 چالان جاری کیے گئے اور 7 کروڑ 83 لاکھ 46 ہزار 350 روپے جرمانہ عائد کیا گیا، جبکہ 48 ہزار 314 شہریوں کو ڈرائیونگ لائسنس جاری کیے گئے۔ پولیس ٹریننگ اسکول میں 1106 طلبہ کو پیشہ ورانہ تربیت فراہم کی گئی۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم طارق عزیز سندھو نے بتایا کہ سال 2025 کے دوران شکایات سیل کے ذریعے 2711 شہریوں کی شکایات سنی گئیں اور ان کے فوری اور شفاف حل کے لیے بروقت احکامات جاری کیے گئے۔ انہوں نے کہا کہ جہلم پولیس آئندہ بھی عوام کے جان و مال کے تحفظ، جرائم کے مکمل خاتمے اور قانون کی بالادستی کے لیے اسی جذبے اور عزم کے ساتھ کام کرتی رہے گی۔


