سوہاوہ: ڈومیلی کے علاقے جھنگ چک میں روہتاس انٹرنیشنل سکول اینڈ کالج میں 14 اگست جشنِ آزادی کی مناسبت سے رنگا رنگ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کا آغاز تلاوتِ قرآن پاک اور نعتِ رسول مقبول ﷺ سے کیا گیا۔
تقریب میں حافظ تنویر احمد نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان، ڈاکٹر قاسم محمود چوہدری امیر جماعت اسلامی ضلع جہلم، چوہدری غلام احمد زمرد سابق تحصیل ناظم جہلم، میجر جنرل (ر) فرخ بشیر چیئرمین ٹی ٹی کے، چوہدری تسنیم ناصر سابق ایم پی اے، محمد خلیل صمدانی، چوہدری ساجد امین، راجہ شعیب سرور، راجہ عامر نواز کیانی سابق چیئرمین یوسی اڈرانہ اور میجر (ر) محمد تاج سمیت مختلف سیاسی، سماجی، مذہبی اور کاروباری شخصیات بطور مہمان خصوصی شریک ہوئیں۔
مہمانوں کی آمد پر شاندار استقبال کیا گیا۔ طلبہ و طالبات نے ملی نغموں اور اسٹیج پرفارمنس کے ذریعے وطن سے محبت کا بھرپور اظہار کیا، جبکہ پاکستان زندہ باد کے نعروں سے پنڈال گونج اُٹھا۔ اس موقع پر 14 اگست کا کیک بھی کاٹا گیا اور طلبہ، میڈیا نمائندگان اور دیگر شرکاء میں شیلڈز تقسیم کی گئیں۔
ڈائریکٹر روہتاس انٹرنیشنل سکول اینڈ کالج جھنگ چک چوہدری ابرار نجیب گجر نے شرکاء سے خطاب میں تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کلمۂ طیبہ کی بنیاد پر حاصل کیا گیا، اس کی آزادی کے لیے بے شمار قربانیاں دی گئیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں باجوں سے نکل کر پودے لگانے چاہئیں تاکہ اپنے ملک کو سرسبز و شاداب بنایا جا سکے۔


