جہلم: وزیراعلیٰ پنجاب کے وژن اور ڈپٹی کمشنر جہلم کی ہدایات پر القاسم انسٹیٹیوٹ برائے اسپیشل بچگان کے زیر اہتمام پیشہ ور گداگری کے خاتمے اور معاشرتی شعور اجاگر کرنے کیلئے ایک آگاہی واک کا انعقاد کیا گیا۔
آگاہی واک کی قیادت اسسٹنٹ کمشنر جہلم آفتاب اشرف، ڈی ایس پی ٹریفک خرم فیاض، ایمرجنسی ڈسٹرکٹ آفیسر مرزا فرحان بیگ، ڈی ای او لٹریسی میڈم میمونہ انجم، صدر القاسم انسٹیٹیوٹ آصف ملک، ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر خضر حیات، محمد عمر بٹ، عبدالغفور چوہان اور دیگر سماجی و فلاحی شخصیات نے کی۔
واک میں القاسم انسٹیٹیوٹ کی پرنسپل، اسکول اسٹاف، لیڈی ورکرز، ڈرائیورز، سماجی تنظیموں کے نمائندگان اور خصوصی بچوں نے بھرپور شرکت کی۔ اس موقع پر المرکز، خیرالناس، اولڈ پیپلز ویلفیئر سوسائٹی، تنظیمِ عمل، الفلاح اور دیگر این جی اوز کے عہدیداران بھی موجود تھے۔
شرکاء نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر گداگری کے خاتمے اور معاشرتی ذمہ داری سے متعلق نعرے درج تھے۔
مقررین کا کہنا تھا کہ پیشہ ور گداگری کے خاتمے، خصوصی افراد کی فلاح و بہبود اور معاشرتی شعور بیدار کرنے کیلئے ضلع بھر میں آگاہی مہمات اور عملی اقدامات جاری ہیں۔ اس سلسلے میں اسسٹنٹ کمشنر جہلم کی جانب سے پیشہ ور گداگروں کا ڈیٹا بھی اکٹھا کیا جا رہا ہے تاکہ مؤثر حکمت عملی کے تحت اس ناسور کا خاتمہ ممکن بنایا جا سکے۔
واک کی خاص بات القاسم انسٹیٹیوٹ برائے اسپیشل چلڈرن کے خصوصی بچوں کی شرکت تھی، جنہوں نے یہ پیغام دیا کہ جسمانی معذوری بھیک مانگنے کا جواز نہیں بلکہ تعلیم، تربیت اور مناسب رہنمائی کے ذریعے خصوصی افراد بھی معاشرے کے باوقار اور کامیاب شہری بن سکتے ہیں۔
صدر القاسم انسٹیٹیوٹ آصف ملک نے کہا کہ اس آگاہی واک کا مقصد معاشرے میں احساسِ ذمہ داری پیدا کرنا اور خصوصی افراد کے حقوق، تحفظ اور فلاح و بہبود کے حوالے سے شعور اجاگر کرنا ہے تاکہ ایک محفوظ، باوقار اور مثبت معاشرہ تشکیل دیا جا سکے۔


