جہلم: وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی نے جہلم کرکٹ ایسوسی ایشن کی تقریبِ حلف برداری میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر انہوں نے ضلع جہلم میں کرکٹ کے فروغ، اسپورٹس انفراسٹرکچر کی بہتری اور نوجوان کھلاڑیوں کو قومی سطح پر آگے لانے کے لیے متعدد اہم اعلانات کیے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر مملکت بلال اظہر کیانی نے کہا کہ ضلع جہلم شہیدوں، غازیوں اور وطن سے محبت کرنے والے باصلاحیت افراد کی سرزمین ہے۔ انہوں نے کہا کہ دیگر شعبوں کی طرح کھیلوں، خصوصاً کرکٹ میں بھی جہلم کے نوجوانوں میں بے پناہ صلاحیت موجود ہے، جسے مناسب مواقع فراہم کر کے قومی اور بین الاقوامی سطح تک پہنچایا جا سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ لاہور قلندرز کے ساتھ اشتراک کے نتیجے میں جہلم کے نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا بہترین موقع ملا ہے، اور یہ اقدام مستقبل میں بھی جاری رکھا جائے گا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ لاہور قلندرز کی ٹیم رواں سال بھی جہلم کا دورہ کرے گی، جبکہ آئندہ ہر سال ضلع میں باقاعدہ کرکٹ ٹرائلز کا انعقاد کیا جائے گا تاکہ مقامی ٹیلنٹ کو سامنے لایا جا سکے۔
بلال اظہر کیانی نے مزید اعلان کیا کہ جہلم کرکٹ اسٹیڈیم اور چک اکا کرکٹ گراؤنڈ کی بحالی، بہتری اور جدید سہولیات کی فراہمی کے لیے ایک خصوصی کمیٹی تشکیل دی جائے گی، جو منصوبے پر جلد کام کا آغاز کرے گی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نو منتخب صدر جہلم کرکٹ ایسوسی ایشن چوہدری ندیم طارق اور ڈسٹرکٹ اسپورٹس آفیسر چوہدری محمد طارق گجر نے ضلع میں کھیلوں کے فروغ، اسپورٹس فنڈز کی منظوری اور نوجوانوں کے لیے بہتر مواقع فراہم کرنے پر وزیر مملکت بلال اظہر کیانی کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ وہ کھیلوں کی مثبت سرگرمیوں کے فروغ اور نوجوانوں کو آگے بڑھانے کے لیے وزیر مملکت کے شانہ بشانہ اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔
مقررین نے اس بات پر بھی خوشی کا اظہار کیا کہ ضلع جہلم کی تاریخ میں پہلی مرتبہ لاہور قلندرز کے کرکٹ ٹرائلز کا انعقاد ہوا، جس کے نتیجے میں جہلم کے باصلاحیت نوجوان اجمل کو قومی سطح تک پہنچنے کا موقع ملا۔ انہوں نے کہا کہ یہ کامیابی ضلع کے دیگر نوجوان کھلاڑیوں کے لیے بھی ایک حوصلہ افزا مثال ہے اور مستقبل میں مزید ٹیلنٹ قومی سطح پر سامنے آئے گا۔


