جہلم: شہریوں کی شکایت پر ضلعی انتظامیہ نے فوری نوٹس لیتے ہوئے الطاف پارک میں موجود کھلے مین ہولز کو ڈھانپنے کی کارروائی مکمل کر لی۔ عوامی تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے انتظامیہ کی ہدایت پر واسا کی ٹیم نے موقع پر پہنچ کر تمام کھلے مین ہولز پر نئے حفاظتی سلیب نصب کر دیے۔
جہلم کے شہریوں نے الطاف پارک میں کھلے مین ہولز کی موجودگی کی نشاندہی کی تھی، جس پر ضلعی انتظامیہ نے فوری ایکشن لیتے ہوئے محکمہ واسا کو ضروری اقدامات کی ہدایات جاری کیں۔ واسا کی ٹیم نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے مین ہولز کو مکمل طور پر کور کر دیا تاکہ پارک میں آنے والے شہریوں، خصوصاً بچوں اور بزرگوں کو کسی بھی ممکنہ حادثے سے محفوظ رکھا جا سکے۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق عوامی شکایات کا بروقت ازالہ ترجیحات میں شامل ہے اور شہر کے دیگر تفریحی مقامات اور شاہراہوں پر بھی اسی نوعیت کے مسائل کی کڑی نگرانی کی جا رہی ہے تاکہ شہریوں کو محفوظ اور بہتر ماحول فراہم کیا جا سکے۔
مقامی شہریوں نے ضلعی انتظامیہ اور واسا کی بروقت کارروائی اور فوری رسپانس کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ مستقبل میں بھی عوامی مسائل اسی طرح ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جاتے رہیں گے۔


