جہلم: غریب عوام پر بجلی و سوئی گیس کے بم گرائے جا رہے ہیں، بجلی کے بعد گیس بلوں میں بھی ہوشربا اضافہ، رواں ماہ موصول ہونے والے گیس بلوں نے غریب صارفین محنت کش طبقہ اور غریب لوگوں کی چیخیں نکلوا دیں ۔
ہزاروں بلکہ لاکھوں کے گیس بلوں کی ادائیگی صارفین کے لئے مشکل ترین ہو گئی جبکہ بلوں کی ادائیگی کیلئے غریب شہری گھر یلو سامان فروخت کرنے پر مجبور ہیں۔ شہریوں کے صبر کا پیمانہ لبریز اور جواب دینے لگا۔
بجلی کی قیمت میں مسلسل اضافہ کئے جانے کے بعد حکومت نے گیس کے نرخوں میں 400 فیصد تک کا اضافہ کر کے غریب صارفین پر گیس کا بم گرا دیا جن گھریلو صارفین کو ماہانہ چار سے پانچ سو روپے بل آتا تھا گیس کی قیمت میں اضافے کے بعد گھریلو صارفین کو پانچ سے آٹھ ہزار روپے سے زائد کے بلز دو ماہ سے موصول ہو رہے ہیں۔
دکانداروں اور کاروباری افراد سمیت صنعتی اداروں کے مالکان کو لاکھوں کے گیس بلز موصول ہوئے۔ گھروں میں 24 گھنٹے کے دوران صارفین کو بمشکل گیس 6 گھنٹے سوئی گیس دستیاب ہوتی ہے ۔ غریب صارفین کا گھروں میں ناشتہ اور کھانا تیار کرنا محال ہو جاتا ہے۔
صارفین نے چیف جسٹس آف پاکستان اور نگران وزیراعظم پاکستان سے بجلی و گیس کی قیمتوں میں کمی کا مطالبہ کیاہے۔


