دبئی: سپر فکس عالمی ٹیپ بال کرکٹ چیمپئن شپ یکم دو اور تین دسمبر2023 کو شارجہ کرکٹ سٹیڈیم میں انعقاد پذیر ہوگی۔
سپر فکس سپورٹس کے چیئر مین نوید احمد، سپر فکس سپورٹس کے ڈائریکٹران سجاد عباسی، عمر فاروق، یاسر صدیق، زہیب نبیل، محمد عاشق اور شبیراحمد نے پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ سپر فکس سیزن ٹو عالمی ٹیپ بال کر کٹ چیمپئن شپ میں اس سال 6 کی بجائے 8 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ یہ ٹیمیں ٹیپ بال کے نامور کھلاڑیوں پر مشتمل ہونگی اور اس ٹورنامنٹ میں 8 ممالک کی نمائندگی کرنے والے کھلاڑی اپنی بھرپور فار م میں نظر آئیں گے۔
چیئرمین سپر فکس سپورٹس نوید احمد نے کہا کہ یو اے ای، پاکستان، انڈیا، عمان، افغانستان، سری لنکا، بنگلہ دیش اور سعودی عرب کی ٹیمیں اس میگا ایونٹ کا حصہ ہیں اور اس ورلڈ چیمپئن شپ کے برانڈ ایمبیسیڈرنامور کرکٹرشاہد خان آفریدی ہونگے جو شائقین کر کٹ کے ساتھ یکم، دو اور تین دسمبر2023 کو شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں نہ صرف موجود ہونگے بلکہ کھلاڑیو ں کے شاندار کھیل پر انہیں خراج تحسین بھی پیش کریں گے۔
پریس کانفرنس میں سپر فکس عالمی چیمپئن شپ سیز ن ٹو کے بارے میں بتایا گیا کہ اس مرتبہ شائقین کر کٹ کے لئے ہر روز 2 عمر ہ کے ٹکٹس اور بذریعہ قرعہ اندازی پیش بہا قیمتی انعامات بھی دیئے جائیں گے جبکہ ونر ٹیم کو30 تیس ہزار درہم اور رنر اپ ٹیم کو 15ہزار درہم اور وننگ ٹرافیاں دی جائین گی۔
اس کے علاوہ بیسٹ باولر، بیٹسمین اور بہترین فیلڈر اور مین آف دی میچ کے انعامات بھی رکھے گئے ہیں۔ شارجہ کر کٹ اسٹیڈیم میں کرکٹ کے شوقین افراد کو رنگا رنگ اور تفریحی پروگراموں سے بھی لطف اندوز ہو سکیں گے یہ عالمی ٹورنامنٹ شارجہ کر کٹ سٹیڈیم میں 3 روز تک جاری رہے گا۔