جہلم: سردیوں کے موسم میں سب سے زیادہ فروخت ہونے والی مونگ پھلی کی قیمت میں بھی اضافہ کر دیا گیا۔
مونگ پھلی کی خریداری بھی عام آدمی کی دسترس میں نہیں رہی، گزشتہ سال کی نسبت اس سال مونگ پھلی فروخت کرنے والوں کی دکانیں بھی ویران نظرآتی ہیں جس کی بنیادی وجہ مونگ پھلی کی قیمتوں میں غیرمعمولی اضافہ ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ سردی کے موسم میں بچوں کو خشک میوہ جات تو خرید کر نہیں سکتے ، مونگ پھلی ایسا میوہ تھا جو غریب آدمی کی دسترس میں تھا ، رواں سال مونگ پھلی کی قیمتوں میں بھی غیر معمولی اضافہ کرکے غریب سفید پوش طبقہ سے یہ سہولت بھی چھین لی گئی ہے۔
دوسری جانب دکانداروں کا کہنا ہے کہ منڈیوں سے مہنگی مونگ پھلی خرید کر سستے داموں کسی صورت فروخت نہیں کر سکتے ، بجلی کے بل، دکانوں کے کرائے ملازمین کی تنخواہیں ہم نے گاہکوں سے وصول کرکے ادا کرنے ہوتے ہیں۔
دوکانداروں کا کہنا ہے کہ حکومت کو چاہیے کہ مہنگائی پر قابو پانے کے لئے ٹھوس اقدامات اٹھائے تاکہ مہنگائی کا خاتمہ ممکن ہو سکے اور غریب سفید پوش طبقہ سے تعلق رکھنے والے افراد اپنے بچوں کو مونگ پھلی سمیت دیگر اشیاء مہیا کر سکیں ۔