جہلم پولیس نے 24 سالہ ذہنی معذور نوجوان سے مبینہ جنسی زیادتی کے مقدمے میں مطلوب ملزم کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان جہلم پولیس کے مطابق جہلم میں ایس ایچ او تھانہ کالا گجراں اور ان کی ٹیم نے مؤثر کارروائی کرتے ہوئے 24 سالہ ذہنی معذور لڑکے کو بدفعلی کا نشانہ بنانے والے ملزم کو گرفتار کر لیا۔ متاثرہ نوجوان کے واقعے سے متعلق مقدمہ درج کرنے کے بعد پولیس نے تفتیش کا آغاز کیا اور جدید تفتیشی ذرائع کی مدد سے ملزم کو گرفتار کر لیا۔
پولیس حکام کے مطابق مقدمے کی مزید تفتیش جاری ہے جبکہ ملزم کو ٹھوس شواہد کے ساتھ عدالت میں پیش کیا جائے گا تاکہ اسے قانون کے مطابق قرار واقعی سزا دلوائی جا سکے۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم شفیق احمد چوہدری نے کہا کہ جنسی زیادتی جیسے سنگین جرائم میں ملوث ملزمان کے خلاف جہلم پولیس زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عوام کے جان و مال، عزت و آبرو اور بالخصوص کمزور اور خصوصی افراد کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا، جبکہ ایسے جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی۔


