جہلم میں شدید گرم موسم کے پیش نظر کباڑی بازار اور گلی محلوں میں جالی دار پردوں کی مانگ میں غیر معمولی اضافہ ہو گیا ہے۔
شہری گرمی کی شدت سے بچاؤ کے لیے دروازوں، کھڑکیوں، بالکونیوں، صحن اور لان میں رنگ برنگے جالی دار پردے لگانے کو ترجیح دے رہے ہیں جبکہ قیمتوں میں بھی ہوشربا اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔
کباڑی بازار میں جالی دار پردوں کی قیمت کوالٹی کے اعتبار سے مختلف مقرر کی گئی ہے۔ عام جالی دار پردہ 450 روپے فی میٹر، درمیانے معیار کا 650 روپے، اچھے معیار کا 850 روپے، اور بہترین رنگین جالی دار پردہ 1050 روپے فی میٹر تک فروخت ہو رہا ہے۔ ان پردوں کی سلائی پر بھی 350 روپے تک چارج کیے جا رہے ہیں۔
بازاروں کے ساتھ ساتھ پھیری والے پٹھان بھی گلی محلوں میں گھوم پھر کر مختلف رنگوں کے جالی دار پردے فروخت کر رہے ہیں، جن میں سفید، نیلا، سرخ، سبز، مالٹا اور سیاہ رنگ شامل ہیں۔
دکانداروں کا کہنا ہے کہ کوالٹی کے مطابق قیمتیں مقرر کی گئی ہیں، جبکہ خریداروں کا شکوہ ہے کہ قیمتوں میں پچھلے سال کی نسبت 30 سے 35 فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔ یہ جالی دار پردے نہ صرف گھریلو استعمال بلکہ پالتو جانوروں، پرندوں کے باڑوں، اسپتالوں، کلینکس، ڈینگی وارڈز، بیڈز، اور بڑی مارکیٹوں و دکانوں میں بھی استعمال کیے جا رہے ہیں۔
پھیری فروشوں کا کہنا ہے کہ اس سال گرمی کی شدت، درجہ حرارت میں اضافے اور حکومتی ٹیکس و ڈیوٹی کے باعث دکانداروں نے قیمتیں بڑھا دی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر شہریوں نے خریداری کم کر دی تو قیمتوں میں ممکنہ کمی واقع ہو سکتی ہے۔
شہریوں نے ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ دیگر اشیاء کی طرح جالی دار پردوں کی قیمتوں کو بھی ریگولیٹ کیا جائے تاکہ عام آدمی اس موسمی ضرورت کو بآسانی پورا کر سکے۔


