جہلم شہر کے گنجان آباد رہائشی علاقوں میں قائم مویشیوں کے غیر قانونی باڑے شہریوں کے لیے وبال جان بن گئے۔
گلیوں اور محلوں میں بنے ان باڑوں سے اٹھنے والی شدید بدبو اور گندگی نے مکینوں کا جینا محال کر دیا ہے جبکہ مکھیوں، مچھروں اور دیگر کیڑے مکوڑوں کی افزائش خطرناک حد تک بڑھ چکی ہے۔
اہل علاقہ کے مطابق گلیوں میں جمع شدہ گوبر اور گندگی تعفن کا باعث بن رہی ہے جس سے وبائی امراض پھوٹنے کا خدشہ ہے۔ شہریوں نے بتایا کہ بارہا ضلعی انتظامیہ اور پیرا فورس کو شکایات درج کروانے کے باوجود کوئی عملی اقدام نہیں کیا گیا جس کی وجہ سے صورتحال مزید سنگین ہو گئی ہے۔
رہائشیوں نے احتجاج کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اگر ان غیر قانونی مویشی باڑوں کو فوری طور پر ختم نہ کیا گیا تو ڈینگی، ملیریا اور دیگر وبائیں پھیلنے کا شدید خطرہ ہے۔
شہریوں نے انچارج پیرا فورس، چیف آفیسر میونسپل کمیٹی اور ڈپٹی کمشنر جہلم سے فوری ایکشن لینے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ گنجان آباد علاقوں کے مکینوں کو اس اذیت ناک صورتحال سے نجات دلائی جا سکے۔


