جہلم: سول سروس کی عملی تربیت حاصل کرنے والے زیرِ تربیت افسران کے ایک وفد نے ضلعی انتظامی ڈھانچے، حکومتی نظامِ کار اور فیلڈ ایڈمنسٹریشن سے متعلق عملی آگاہی حاصل کرنے کے لیے ڈپٹی کمشنر آفس جہلم کا معلوماتی دورہ کیا۔
دورے کے دوران ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل (ADCG) جہلم علیزے ریحان نے اپنے دفتر میں زیر تربیت افسران سے ملاقات کی اور انہیں ضلعی انتظامیہ کے مختلف شعبوں، انتظامی ذمہ داریوں اور حکومتی پالیسیوں پر عملدرآمد کے طریقہ کار سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔
علیزے ریحان نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ عوامی مسائل کے بروقت حل، حکومتی پالیسیوں پر مؤثر عملدرآمد اور عوامی خدمات کی فراہمی میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے۔ انہوں نے زیرِ تربیت افسران کو فیلڈ وزٹس، انتظامی نگرانی اور عوامی مسائل کے حل کے لیے اختیار کیے جانے والے عملی اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ فیلڈ افسران عوامی دفاتر اور کھلی کچہریوں کے ذریعے شہریوں کی رسائی کو یقینی بنائیں تاکہ عوام کی شکایات کا بروقت اور شفاف انداز میں ازالہ کیا جا سکے۔
وفد کو تحصیل سطح پر پرائس کنٹرول، منڈیوں کے باقاعدہ معائنے، گراں فروشی کے خلاف کارروائی، تجاوزات کے خاتمے، ترقیاتی منصوبوں کی مانیٹرنگ، لینڈ ریکارڈ سینٹرز کے نظامِ کار اور ریونیو ریکوری کے اہداف کے حوالے سے بھی عملی معلومات فراہم کی گئیں۔
دورے کے اختتام پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل علیزے ریحان نے زیر تربیت اسسٹنٹ کمشنرز کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہ عملی دورہ ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافے کا باعث بنے گا اور وہ مستقبل میں دیانت داری، شفافیت اور عوامی خدمت کو اپنی ذمہ داریوں کا بنیادی اصول بنائیں گے۔


