جہلم: نومنتخب پنجاب حکومت نے سبسڈی سے چلنے والے رمضان بازاروں کا منصوبہ ختم کردیا۔
تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے منصوبے میں سبسڈی پر رمضان بازار لگائے جاتے تھے، نئی حکومت نے مستحقین کو گھر کی دہلیز پر گفٹ ہیمپر فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اب سابق وزیر اعلیٰ کی روایت کے برعکس صرف مستحقین کو گفٹ پیکیجز ملیں گے، ماہ صیام میں اس بار جہلم سمیت پنجاب بھر میں 313 سبسڈائزڈ بازار نہیں لگیں گے۔
ذرائع کے مطابق جہلم کے ماڈل بازاروں میں ایگریکلچر فیئر پرائس شاپس فعال کی جائیں گی، ماڈل بازاروں میں 25 فیصد رعایتی قیمت پر سبزیاں اور پھل فروخت ہوں گے۔
حکومتی فیصلے کے بعد عام صارف ماہ مقدس میں سرکاری ریلیف سے محروم رہے گا، ضلعی انتظامیہ کو رمضان نگہبان سکیم کو فعال کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔


