پنڈدادنخان میں پسند کی شادی کرنے پر 18 سالہ بہن کو غیرت کے نام پر قتل کرنے والے بھائی کو پولیس نے گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل پنڈدادنخان کے علاقے چوران میں 18 سالہ لڑکی کے اندھے قتل کا معمہ حل ہوگیا۔ پولیس نے مقتولہ کے سگے بھائی محمد جاوید کو گرفتار کرلیا ہے جس نے دورانِ تفتیش اپنی بہن کو غیرت کے نام پر قتل کرنے کا اعتراف کر لیا ہے۔
پولیس کے مطابق 18 سالہ مقتولہ سعدیہ نورین نے چند ہفتے قبل اپنی پسند سے شادی کی تھی اور گھر سے چلی گئی تھی۔ اہلِ خانہ نے صلح کے بہانے اسے چند روز قبل واپس بلایا۔ واردات کے روز گھر میں کوئی موجود نہیں تھا، جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ملزم جاوید نے پہلے بہن کو شدید تشدد کا نشانہ بنایا اور بعدازاں گلا دبا کر اسے قتل کر دیا۔
@jhelumupdates پسند کی شادی جرم بن گیا #Jhelum #PindDadanKhan #JhelumUpdates #pageforyou #جہلم #PakistanNews #News #foryoupage❤️❤️ #Pakistan #JhelumNews #JhelumPolice #PDK #couple
واردات کے بعد ملزم موقع سے فرار ہو گیا تھا۔ پولیس نے مقتولہ کی لاش کو تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال پنڈدادنخان منتقل کیا، جہاں پوسٹمارٹم کے بعد ضروری قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی۔
پنڈدادنخان پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش کا آغاز کیا۔ جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرنے اور سائنسی بنیادوں پر تحقیقات کے نتیجے میں پولیس نے دس روز بعد ملزم محمد جاوید کو گرفتار کر لیا۔
پنڈدادنخان پولیس کے مطابق ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے اور مقدمے میں مزید اہم پیش رفت متوقع ہے۔


