جہلم شہر کے مضافاتی علاقوں میں ملاوٹ شدہ مصالحہ جات کی کھلے عام فروخت جاری ، پنجاب فوڈ اتھارٹی کی کارکردگی سوالیہ نشان بن گئی۔
تفصیلات کے مطابق شہر کے مضافاتی علاقوں میں سرخ مرچ ، مصالحہ، ہلدی اور دیگر مصالحہ جات کو خطرناک کیمیکل ، رنگ اور چاول کے بھوسے کی ملاوٹ کرکے دکانوں پر کھلے عام فروخت کیا جا رہا ہے۔
مافیا نے جعلی مصالحہ جات تیار کرنے کیلئے گھروں میں منی فیکٹریاں قائم کر رکھی ہیں ان غیر معیاری مصالحہ جات کو ہوٹلز ، میرج ہالز و میرج گارڈنز کے مالکان سستے داموں خرید کر کھانوں میں استعمال کرتے ہیں جس سے شہری بڑی تعدادمیں معدے کی خطرناک بیماریوں میں مبتلا ہو رہے ہیں۔
شہریوں نے ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی سے مطالبہ کیا ہے کہ جہلم کے مضافاتی علاقوں میں قائم مصالحہ جات کی منی فیکٹریوں کے خاتمے کے لئے آپریشن کروایا جائے تا کہ شہریوں کو حفظان صحت کے اصولوں کے عین مطابق مصالحہ جات کی فراہمی ممکن ہو سکے۔


