جہلم: رمضان المبارک میں سوئی گیس کی فراہمی کے شیڈول پر عملدرآمد نہ ہو سکا، جس کے باعث خواتین کو سحری و افطاری کی تیاری میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم پاکستان کی ہدایات کے باوجود جہلم شہر اور اس کے ملحقہ علاقوں میں سحری اور افطاری کے اوقات میں بھی بلا تعطل گیس کی فراہمی ممکن نہیں ہو سکی۔
محکمہ سوئی ناردرن گیس نے رمضان المبارک کے دوران سحری کے وقت صبح 3 بجے سے 9 بجے تک اور شام 4 بجے سے رات 10 بجے تک گیس فراہم کرنے کا شیڈول جاری کیا تھا، تاہم شہریوں کا کہنا ہے کہ اس پر عمل درآمد نہیں ہو رہا۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ سحری کے بعد اور افطاری کے بعد تقریباً 8 بجے گیس مکمل طور پر غائب ہو جاتی ہے، جس کے باعث گھریلو خواتین کو کھانے کی تیاری میں شدید دشواری پیش آ رہی ہے۔ صورتحال یہ ہے کہ لوگ متبادل ذرائع جیسے کہ سلنڈر اور لکڑیاں استعمال کرنے پر مجبور ہو چکے ہیں۔
شہریوں نے محکمہ سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ گیس کی سپلائی کے جاری کردہ شیڈول پر فوری عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔
شہریوں اور عوامی حلقوں نے متعلقہ حکام اور وزیراعظم پاکستان سے بھی مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس مسئلے کا فوری نوٹس لیں اور رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں عوام کو درپیش اس تکلیف دہ صورتحال کا حل نکالا جائے تاکہ لوگ سحری و افطاری کے دوران گیس سے مستفید ہو سکیں۔


