برمنگھم: اعلیٰ تعلیم نہ صرف بہتر مستقبل کیلئے ضروری ہے بلکہ ایک مثالی معاشرے کی تشکیل کیلئے بھی ناگزیر ہے۔
ان خیالات کا اظہار برمنگھم اسکالر سکول سسٹم کے تحت لیڈز ٹرنٹی یونیورسٹی کی پارٹنر شپ سے فاؤنڈیشن ائر سے لے کر چار سال بزنس مینجمنٹ اور ہیلتھ اینڈ سوشل کیئر کی ڈگری مکمل ہونے پر گریجویشن تقریب پر چیئرمین زاہد بھٹی، عبداللہ مشتاق اور دیگر رہنماؤں نے کیا۔
تقریب میں تعلیم مکمل کرنے والے طلبہ و طالبات، فیملی ممبران کےساتھ برمنگھم ملینیم پوائنٹ میں منعقدہ رنگا رنگ تقریب میں شریک ہوئے اسکالر سکول سسٹم کے سی ای او زاہد بھٹی نے اپنے تعارفی کلمات میں کہا کہ ہمارے گریجویشن مکمل کرنے والے طلبہ و طالبات کیلئے یہ تاریخی دن ہے جنہوں نے دیگر مصروفیات کے ساتھ ساتھ اپنی دن رات کی محنت سے گریجویشن مکمل اور ایک سنگ میل عبور کیا۔
انہوں نے کہا کہ اب نہ صرف بہتر ملازمت کیلئے آپ کے پاس بہترین مواقع میسر ہوں گے اور ایک بہترین معاشرہ بھی معرض وجود میں آئے گا۔ اس موقع پر طلبا وطالبات نے اسٹیج پر آکر اپنی ڈگری وصول کی۔
اس موقع پر طلبا و طالبات کا کہنا تھا یہ ہمارے لئے تاریخی لمحہ ہے ، ہم بھی گریجویشن کی صف میں کھڑے ہو گئے ہیں۔
اس موقع پر گلوبل کڈنی فاؤنڈیشن کی سربراہ کا کہنا تھا کہ ہم اسکالرز سکول سسٹم کے ساتھ سسٹر آرگنائزیشن کے تحت کا م کرتے ہیں اور بلیک ایتھنک مینارٹیز BEM کیمونٹی کو آرگن ڈونرز کیلئے حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔