جہلم پولیس نے ضلع بھر میں سرچ آپریشنز کے دوران 380 افراد اور 164 گھروں کی چیکنگ کرتے ہوئے افغان شہری سمیت اشتہاری مجرمان گرفتار کر لیا۔
ترجمان جہلم پولیس کے مطابق ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری کی ہدایت پر ضلع بھر میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف سرچ آپریشنز کا سلسلہ جاری ہے۔ اس دوران ضلع کے مختلف علاقوں میں متعدد سرچ آپریشنز کرتے ہوئے مشتبہ افراد، گھروں، ہوٹلز اور بس اسٹینڈز کی چیکنگ کی گئی۔
ترجمان کے مطابق ضلع بھر میں مختلف مقامات پر 14 سرچ آپریشنز کیے گئے، جن کے دوران 380 افراد، 164 گھروں، 22 ہوٹلز اور بس اسٹینڈز کو چیک کیا گیا۔ سرچ آپریشنز کے دوران تھانہ کالا گجراں کے علاقے سے 2 اشتہاری مجرمان جبکہ تھانہ دینہ کے علاقے سے غیر قانونی طور پر مقیم ایک افغان شہری کو گرفتار کر لیا گیا۔
ترجمان کے مطابق سرچ آپریشنز کا مقصد جرائم پیشہ عناصر کی گرفتاری، غیر قانونی طور پر مقیم افراد کی نشاندہی اور علاقے میں امن و امان کی صورتحال کو مزید بہتر بنانا ہے۔ پولیس کی جانب سے مختلف علاقوں میں مشکوک افراد اور مقامات کی چیکنگ کا سلسلہ بھی جاری رکھا جا رہا ہے۔
جہلم پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے اردگرد کے ماحول پر کڑی نظر رکھیں اور کسی بھی مشکوک شخص، غیر قانونی طور پر مقیم فرد یا جرائم پیشہ سرگرمی میں ملوث عناصر کے بارے میں فوری طور پر پولیس کو اطلاع دیں۔ پولیس کے مطابق بروقت اطلاع کسی بڑے جرم کی روک تھام میں مددگار ثابت ہونے کے ساتھ ساتھ معاشرے میں امن و امان کے قیام میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہے۔
پولیس ترجمان نے کہا کہ اگر کسی شہری کے علم میں کوئی ایسا شخص آئے جو بغیر کوائف کے رہائش پذیر ہو، مشتبہ سرگرمیوں میں ملوث ہو یا قانون کی خلاف ورزی کر رہا ہو تو فوری طور پر اپنے قریبی تھانے یا پولیس ایمرجنسی ہیلپ لائن 15 پر اطلاع دی جائے۔
ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری نے کہا کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ اور امن و امان کا قیام پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔


