سوہاوہ میں غیر قانونی اڑیال کے شکار میں ملوث شکاری کو موقع سے گرفتار کر لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل سوہاوہ میں محکمہ وائلڈ لائف نے غیر قانونی شکار کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے نایاب جنگلی جانور اڑیال کا شکار کرنے والے ایک شکاری کو موقع سے گرفتار کر لیا جبکہ اس کا ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ گرفتار ملزم کے قبضے سے اسلحہ اور دیگر آلات برآمد کر لیے گئے ہیں۔
مخبر کی اطلاع پر محکمہ وائلڈ لائف سالٹ رینج سی بی سی اور پدھری گیم ریزرو کی مشترکہ ٹیم نے پدھری کے علاقے ڈھوک فتومست میں کارروائی کی۔ کارروائی کے دوران شکاری محمد بوٹا کو اس وقت گرفتار کیا گیا جب وہ غیر قانونی طور پر اڑیال کا شکار کر رہا تھا، تاہم اس کا ساتھی اشفاق موقع سے فرار ہو گیا۔
محکمہ وائلڈ لائف کے مطابق گرفتار شکاری کے قبضے سے ایک عدد سیون ایم ایم رائفل بمعہ ٹیلی اسکوپ اور تین عدد چاقو برآمد کیے گئے۔ محکمہ وائلڈ لائف رینجر کی مدعیت میں ملزمان محمد بوٹا اور اشفاق کے خلاف تھانہ ڈومیلی میں مقدمہ درج کروا دیا گیا ہے۔
گرفتار ملزم کو مزید قانونی کارروائی کے لیے تھانہ ڈومیلی پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے، جبکہ فرار ہونے والے ملزم کی تلاش جاری ہے۔ پولیس نے واقعے کی مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔
محکمہ وائلڈ لائف حکام کا کہنا ہے کہ نایاب جنگلی حیات کے تحفظ کے لیے غیر قانونی شکار کے خلاف کارروائیاں بلاامتیاز جاری رہیں گی۔


