پنڈدادنخان: چوہدری زبیر جمیل نے کہا ہے کہ میونسپل کمیٹی کی جانب سے تاجروں پر مسلط کیے گئے ناجائز ٹیکس کسی صورت قبول نہیں کیے جائیں گے۔
ان خیالات کا اظہار مرکزی انجمن تاجران پنڈدادن خان کے صدر چوہدری زبیر جمیل نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ چوہدری زبیر جمیل نے کہا کہ سینی ٹیشن ٹیکس اور صفائی ٹیکس کا فرق واضح کیا جائے، کیونکہ تاجر برادری کو بغیر کسی وضاحت کے اضافی بوجھ ڈالنا ناانصافی ہے۔
انہوں نے کہا کہ میونسپل کمیٹی شہر میں کسی قسم کی بنیادی سہولیات فراہم کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے جبکہ روز بروز تاجروں کو دیوار سے لگایا جا رہا ہے۔
چوہدری زبیر جمیل کا کہنا تھا کہ ہم نے ہمیشہ مذاکرات اور امن کو ترجیح دی، لیکن اسے ہماری کمزوری نہ سمجھا جائے۔ اگر تاجروں کے تحفظات کو سنجیدگی سے نہ لیا گیا تو ہم بھرپور احتجاج پر مجبور ہوں گے۔
صدر انجمن تاجران نے میونسپل کمیٹی کے عملے کے رویے کو بھی شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ ان کا رویہ انتہائی تکلیف دہ اور غیر پیشہ ورانہ ہے۔
چوہدری زبیر جمیل نے اعلان کیا کہ اس مسئلے پر تاجر برادری کا ہنگامی اجلاس کل طلب کیا گیا ہے، جس میں آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔


