کیتھلے: برطانیہ میں کشمیری نژاد نوجوان برطانوی صحافی چوہدری گلفراز حسین نے بڑا اعزاز حاصل کر لیا، گلفراز حسین بریڈ فورڈ کیتھلے بارو کونسل کے میئر منتخب ہو گئے۔
میرپور آزادکشمیر کے شہر چکسواری سے برطانیہ محنت مزدوری کے غرض سے آنے والے نوجوان گلفراز حسین بریڈ فورڈ شہر کے ٹاون کیتھلے کے میئر منتخب ہو کر ایک تاریخ رقم کر دی ہے ۔
میئر کی حلف برداری کی پُروقار تقریب کیتھلے ٹاون ہال میں منعقد ہوئی جس میں کونسل ممبران سمیت مقامی نمائندوں،کشمیری کمیونٹی اور مئیر کے اہل خانہ کے افراد نے شرکت کی۔
اس موقع پر گلفراز حسین نے میئر کے عہدے کا حلف اٹھایا جبکہ کونسلر کرس ہرڈ کو ڈپٹی مئیر آف کیتھلے منتخب کر لیا گیا۔
بعد ازاں مہمانوں کے اعزاز میں عشائیہ دیا گیا جس میں پاکستان قونصلیٹ بریڈفورڈ کے اتاشی سرفرز احمد ،کونسلر کامران حسین ، کونسلر محسن حسین ، کونسلر سلمہ عارف ، سابق مئیر کونسلر ناظم اعظم ، سابق مئیر جاوید اختر ،الحاج ظفر اقبال جماعتی ، پاکستان پریس کلب برطانیہ کے نومنتخب صدر ارشد رچیال اور دیگر مقامی کونسلروں سمیت مقامی برطانوی شہریوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی ۔
عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے گلفراز حسین نے اللہ کا شکر ادا کرتے ہوئے اپنی کامیابی کو والدین کی دعاوں کا نتیجہ قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ دیار غیر میں کمیونٹی نے ہمیشہ ساتھ دیا جبکہ برطانوی شہری بھی اس سفر میں ساتھ رہے۔
ان کا کہنا تھا کہ میئر کا عہدہ میرے لیئے بہت بڑا اعزاز ہے اور میں انشاء اللہ اس پر پورا اترنے کی کوشش کروں گا کیتھلے ٹاؤن میں موجود پاکستانی کمیونٹی کے مسائل کو حل کرنے کے ساتھ ساتھ باہمی ہم آہنگی کو فروغ دینا میری اولین ترجیح ہو گی۔
گلفراز حسین اس سے قبل ڈپٹی میئر کے عہدے کے فرائض سر انجام دے رہے تھے۔
اس موقع پر مئیر آف کیتھلے گلفراز حسین نے ارشد رچیال کو پریس کلب برطانیہ منتخب ہونے پر مبارک دی اور انہیں پھولوں کا گلدستہ پیش کیا شرکاء نے گلفراز حسین کو مئیر منتخب ہونے پر مبارکباد دی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔


