پنڈدادنخان: تھانہ پنڈدادنخان پولیس نے منشیات اور شراب فروشی کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے محلہ کوٹ سلطان سے ولایتی شراب کی بھاری کھیپ برآمد کرکے ایک ملزم کو گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری کی ہدایات پر سماج دشمن عناصر کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے دوران ایس ایچ او تھانہ پنڈدادنخان ملک نثار احمد نے اپنی ٹیم کے ہمراہ خفیہ اطلاع پر محلہ کوٹ سلطان میں کارروائی کی۔ پولیس ٹیم نے چھاپہ مار کر شراب کی بھاری کھیپ قبضے میں لے لی اور موقع سے ایک ملزم کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت لکھوندر کمار ولد انند کمار سکنہ محلہ کوٹ سلطان پنڈدادنخان کے نام سے ہوئی ہے۔ کارروائی کے دوران ملزم کے قبضے سے شراب کے 10 کاٹن برآمد ہوئے، جن میں مجموعی طور پر 102 بوتلیں ولایتی شراب شامل ہیں۔
پولیس نے برآمد ہونے والی شراب قبضے میں لے کر ملزم کو تھانے منتقل کر دیا، جبکہ اس کے خلاف تھانہ پنڈدادنخان میں مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔
اس موقع پر ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری نے کہا کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ اور معاشرے کو جرائم سے پاک کرنا جہلم پولیس کی اولین ترجیح ہے۔


