جہلم شہر سمیت ملحقہ علاقوں میں قصابوں کی من مانیاں عروج پر، گوشت سرکاری نرخوں پر فروخت کرنے کی بجائے بڑا گوشت 900 فی کلو جبکہ چھوٹا گوشت 1600 روپے فی کلو تک فروخت ہونے لگا۔ محکمہ لائیو سٹاک، پنجاب فوڈ اتھارٹی، اسسٹنٹ کمشنر سمیت پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے قصابوں کو کھلی چھٹی دے دی۔
تفصیلات کے مطابق شہر سمیت ملحقہ علاقوں میں قصابوں کی من مانیاں عروج پر پہنچ چکی ہیں۔ گائے کا گوشت 900 جبکہ ، بکرے کا گوشت 1600 روپے تک فروخت کیا جانے لگا ۔ قصابوں نے شہر سمیت ضلع بھر میں لوٹ مار کا بازار گرم کر رکھا ہے۔
مہنگائی کے بوجھ تلے دبے عوام پہلے ہی پریشان ہیں اوپر سے قصابوں نے خود ساختہ مہنگائی کر کے سرکاری نرخ ناموں کو اپنے پاؤں تلے روندنا معمول بنا لیا ہے ۔ دوسری جانب انتظامیہ بھی قصابوں سے سرکاری نرخ ناموں پر عمل درآمد کروانے میں مکمل ناکام ہو چکی ہے ۔
اس سلسلہ میں شہری تنظیموں کے عمائدین نے میڈیا نمائندگان کو اپنی شکا یات بتاتے ہوئے نو منتخب وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کو نوٹس لینے اور گوشت سرکاری نرخوں پر فروخت کروانے کا مطالبہ کیاہے۔


