جہلم: پنجاب یونیورسٹی جہلم کیمپس میں مظلوم فلسطینی مسلمانوں کے حق میں اساتذہ اور طلباء وطالبات نے ریلی نکالی۔
پنجاب یونیورسٹی جہلم کیمپس میں منعقدہ ریلی کی قیادت پروفیسر ہارون نے کی، ریلی کے شرکاء نے فلسطینی مسلمانوں کے حق میں نعرے لگائے جبکہ اسرائیل اور ان کی امداد کرنے والے ممالک کی مذمت کی گئی۔
اس موقع پر پنجاب یونیورسٹی جہلم کیمپس کے ڈائریکٹر ڈاکٹر اشفاق احمد جنجوعہ نے اپنے پیغام میں کہا کہ فلسطین کے مسلمان اس وقت ظلم کا شکار ہیں وہ اپنی آزادی کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کر رہے ہیں یہودی طاقت سے ان کو غزہ سے بے دخل کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس موقع پر امریکہ اور برطانیہ کا طرز عمل انتہائی قابل مذمت ہے وہ عملی طور پر اسرائیل کی مدد کر رہے ہیں، مقام افسوس مسلم ممالک کے حکمران صرف زبانی مزمت کرنے پر اکتفاء کر رہے ہیں۔
ڈاکٹر اشفاق احمد جنجوعہ نے مزید کہا کہ تمام مسلم ممالک کی عوام فلسطین کے حق میں اپنی آواز بلند کر رہی ہیں دنیا کے تمام مسلمانوں کو چاہیے کہ وہ اسرائیل کی بنی ہوئی چیزوں کا بائیکاٹ کر کے اپنے بھائیوں کے ساتھ اظہار ہمدردی کریں۔