سرائے عالمگیر/ جہلم: سرائے عالمگیر سے منڈی بہاؤالدین تک دورویہ سڑک پر ریفلیکٹر اور سائن بورڈز کی عدم موجودگی، ساتھ ہی جگہ جگہ غیر ضروری یوٹرنز کے باعث حادثات میں خطرناک حد تک اضافہ ہو رہا ہے۔
عوامی حلقوں کے مطابق اس شاہراہ پر ٹریفک کا دباؤ بہت زیادہ ہے، لیکن حفاظتی اقدامات کو مکمل طور پر نظر انداز کیا جا رہا ہے، جس کی وجہ سے شہریوں کو مشکلات اور حادثات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ رات کے وقت سڑک پر دھند اور گھپ اندھیرا ہونے کی وجہ سے مسافروں اور ڈرائیورز کے لیے مناسب رہنمائی دستیاب نہیں ہوتی، جس کے باعث آئے روز جان لیوا حادثات پیش آ رہے ہیں۔
عوامی حلقوں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت اور متعلقہ اداروں سے فوری کارروائی کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دورویہ سڑک پر ریفلیکٹر اور سائن بورڈز نصب کیے جائیں تاکہ حادثات کی روک تھام ممکن ہو سکے۔ ساتھ ہی یوٹرنز کے بہتر انتظام کے ذریعے ٹریفک کے بہاؤ کو محفوظ اور منظم بنایا جائے۔
محکمہ ہائی وے اور ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ اس سنگین مسئلے کا فوری نوٹس لیں اور عوام کی سہولت کے لیے حفاظتی اقدامات کریں تاکہ مسافروں کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔


