جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس کا سول ہسپتال اور پناہ گاہ کا دورہ، انہوں نے علاج معالجے کی سہولتوں کا جائزہ لیا۔
تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس نے سول ہسپتال کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے سی ٹی اسکین سینٹر کا معائنہ کیا اور مریضوں سے ملاقات کی۔ اس موقع پر ہسپتال کی انتظامیہ نے انہیں سی ٹی اسکین کی سہولتوں اور اس کے حوالے سے درپیش مسائل پر تفصیلی بریفنگ دی۔
ڈپٹی کمشنر نے ہسپتال میں مریضوں کے علاج و معالجے کی سہولتوں کا جائزہ لیا اور ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ خدمات کے معیار کو مزید بہتر بنایا جائے تاکہ مریضوں کو بہتر علاج فراہم کیا جا سکے۔
بعد ازاں ڈپٹی کمشنر نے پناہ گاہ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے دور دراز سے آنے والے مریضوں کے لواحقین کے لیے رہائشی سہولیات کا جائزہ لیا اور ان کے مسائل دریافت کیے۔
ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ عوام کو فراہم کی جانے والی سہولتوں میں مزید بہتری لائی جائے اور موجودہ سہولتوں کو موثر انداز میں استعمال کیا جائے تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ فائدہ پہنچ سکے۔


