جہلم پولیس نے غیر قانونی افغان باشندوں کو پناہ دینے والے تین ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم طارق عزیز سندھو کی خصوصی ہدایت پر ضلع بھر میں غیر قانونی افغان باشندوں کے خلاف کارروائیاں تیز کر دی گئیں۔ دینہ، جلالپورشریف اور ڈومیلی پولیس نے تین الگ الگ کارروائیوں میں افغان باشندوں کو پناہ دینے والے تین ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
تھانہ دینہ پولیس نے ایس ایچ او کی زیر نگرانی انچارج چوکی سٹی دینہ اور ٹیم کی مدد سے کارروائی کرتے ہوئے ایک شخص کو گرفتار کیا جس نے افغان باشندے کو پناہ دے رکھی تھی۔ ملزم کے خلاف ٹیمپریری ریزیڈنس آرڈیننس کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا۔
اسی طرح تھانہ جلالپورشریف پولیس نے بھی ایس ایچ او کی قیادت میں کارروائی کرتے ہوئے افغان باشندے کو پناہ دینے والے شخص کو گرفتار کر کے اس کے خلاف مقدمہ درج کیا۔
تھانہ ڈومیلی پولیس نے بھی اسی نوعیت کی کارروائی میں ایک اور ملزم کو حراست میں لے لیا جو بغیر کرایہ داری اندراج کے افغان باشندے کو پناہ دیے ہوئے تھا۔
ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو نے واضح کیا کہ کسی کے ساتھ ظلم یا ناانصافی برداشت نہیں کی جائے گی، لیکن غیر قانونی رہائش رکھنے والوں کو یہاں قیام کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن جاری ہے، اور تمام تھانوں کو ہدایت جاری کر دی گئی ہے کہ ایسے عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے۔


