جہلم: لرنرز ، ڈرائیونگ لائسنس اور تجدید لائسنس کی فیسوں میں بڑا اضافہ متوقع، پنجاب حکومت نے لرنر ، ڈرائیونگ لائسنس اور تجدید لائسنس فیس میں بڑا اضافہ کرنے کی نوید سنادی۔
ٹریفک پولیس حکام کے مطابق پہلے لرنر لائسنس کی 5 سال کیلئے فیس 60 روپے مقرر تھی تاہم پنجاب حکومت نے اب ہر سال 500 روپے لرنر فیس مقرر کر دی ہے، موٹر سائیکل لائنس کی 5 سال کی فیس 550 روپے مقرر تھی اب شہریوں سے لائسنس کیلئے ہر سال 500 روپے وصول کیے جائیں گے۔
موٹر سائیکل رکشہ کی 5 سالہ فیس 550 روپے مقرر تھی اب ہر سال 500 روپے لئے جائیں گئے، موٹر کار و جیپ کے لائسنس کی 5 سالہ فیس 950 روپے تھی اب 1800 روپے ہر سال وصول ہونگے، لائٹ ٹرانسپورٹ کی 5 سالہ فیس 950 روپے تھی، اب ہر سال 2000 روپے وصول کئے جائیں گے۔
ہیوی ٹرانسپورٹ کی 5 سالہ فیس 450 روپے تھی، اب ہر سال 2000 روپے سرکاری خزانے میں جمع کروانے ہونگے۔ ٹریکٹر لائسنس کی 5 سالہ فیس 450 روپے تھی اب ہر سال 1000 روپے وصول کئے جائیں گے، کمرشل ٹریکٹر کی 5 سالہ فیس 450 روپے تھی اب ہر سال 1500 روپے ادا کرنا ہونگے۔
معذور افراد کے ڈرائیونگ لائسنس کی 5 سالہ فیس 20 روپے مقر ر تھی ، پنجاب حکومت نے معذور افراد کے ڈرائیونگ لائسنس کی فیس ختم کر دی ہے۔ پبلک سروس وہیکل کی 5 سالہ فیس 450 روپے مقرر تھی ، اب ہر سال 1500 روپے دینا ہو نگے جبکہ باقی کیٹگریز کی ڈرائیونگ لائسنس فیس 100 روپے سے بڑھا کر 1000 روپے کر دی گئی ہے۔
ڈرائیونگ لائسنس کی فیسوں میں حکومت پنجاب نے 1000 فیصد تک کا اضافہ کیا ہے۔ پنجاب حکومت کے مطابق ڈرائیونگ لائسنس کی فیسوں میں 20 سال بعد بڑا اضافہ کیا گیا ہے، فیسوں میں اضافہ یکم جنوری سے کیا جائے گا۔


