جہلم: ریجنل ایمرجنسی آفیسر پنجاب ڈاکٹر فیصل محمود نے ریسکیو 1122 کے اسٹیشنز جہلم، دینہ اور سوہاوہ کا دورہ کیا تاکہ ایمرجنسی خدمات کی استعداد کار اور دستیاب وسائل کی مجموعی کارکردگی کا جائزہ لیا جا سکے۔
ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر سعید احمد نے ڈاکٹر فیصل محمود کا شاندار استقبال کیا۔
دورے کے دوران ریجنل ایمرجنسی آفیسر نے ریسکیو 1122 جہلم کے اکاؤنٹ سیکشن، مینٹیننس سیکشن، سٹور روم اور کنٹرول روم کا تفصیلی معائنہ کیا۔ انہوں نے جونیئر کمپیوٹر آپریٹرز کی مہارتوں کا جائزہ لیا اور ریسکیو سٹاف سے ملاقات کر کے ایمرجنسی آلات اور گاڑیوں کی کارکردگی کا بھی معائنہ کیا۔
ڈاکٹر فیصل محمود نے سنٹرل اسٹیشن جہلم پر ہونے والے کمیونٹی ایمرجنسی رسپانس ٹیموں کے مقابلوں کا مشاہدہ کیا اور ریسکیو اسکاؤٹس کو ہدایات دیں کہ ہر وقت جوش و جذبے کے ساتھ تیار رہیں اور کسی بھی ناگہانی صورتحال میں بہترین طریقے سے عوام کو ریسکیو خدمات فراہم کریں۔
ریجنل ایمرجنسی آفیسر نے کہا کہ ریسکیو 1122 جہلم کی ٹیم کسی بھی آفت یا ہنگامی صورتحال میں فوری اور مؤثر رسپانس کے لیے ہمہ وقت تیار رہتی ہے اور عوام کی حفاظت ان کی اولین ترجیح ہے۔


