جہلم شہر اور گردونواح میں شادی ہالز، مارکیز اور میرج گارڈنز میں ون ڈش قانون کی مسلسل خلاف ورزی جاری ہے، جس سے نہ صرف حکومتی رٹ چیلنج ہو رہی ہے بلکہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے احکامات کا کھلا مذاق اُڑایا جا رہا ہے۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جرمانوں کے باوجود ون ڈش پالیسی پر عمل درآمد نہ ہو سکا۔
ذرائع کے مطابق ضلع جہلم کی چاروں تحصیلوں میں تعینات اسسٹنٹ کمشنرز کی جانب سے درجنوں شادی ہالز اور مارکیز کو ہزاروں روپے کے جرمانے کیے جا چکے ہیں، مگر مالکان نے چند ہزار جرمانے کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے لاکھوں روپے کی بکنگ اور منافع کے آگے قانون کو پاؤں تلے روند دیا ہے۔
شہری حلقوں کا کہنا ہے کہ ون ڈش قانون کی خلاف ورزی اب روزمرہ معمول بن چکی ہے، اور ضلعی انتظامیہ کی موجودہ حکمتِ عملی مؤثر ثابت نہیں ہو رہی۔ شادی ہالز اور مارکیز کی انتظامیہ دانستہ طور پر قانون شکنی کر رہی ہے کیونکہ موجودہ سزائیں انہیں روکنے میں ناکام ہیں۔
شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ صرف جرمانے کافی نہیں، بلکہ قانون کی حقیقی عملداری کے لیے مقدمات کا اندراج کیا جائے اور مسلسل خلاف ورزی کرنے والی مارکیز و ہالز کو سیل کیا جائے، تاکہ آئندہ کوئی قانون کی خلاف ورزی کا سوچ بھی نہ سکے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ ون ڈش پالیسی کا مقصد سادگی کو فروغ دینا اور عام آدمی پر بوجھ کم کرنا ہے، مگر قانون کی خلاف ورزی اس نیک مقصد کو ناکام بنا رہی ہے۔


