جہلم: تھانہ سٹی پولیس نے ایمرجنسی 15 کی کال پر فوری کارروائی کرتے ہوئے غلط فہمی کے باعث تبدیل ہونے والا موٹر سائیکل تلاش کرکے اصل مالک کے حوالے کر دیا۔
ترجمان جہلم پولیس کے مطابق ایک شہری کا موٹر سائیکل غلط فہمی کے باعث کسی دوسرے موٹر سائیکل سے تبدیل ہوگیا تھا۔ واقعے کی اطلاع ایمرجنسی 15 پر موصول ہوتے ہی تھانہ سٹی پولیس نے فوری کارروائی کا آغاز کیا۔
پولیس ٹیم نے سیف سٹی اور سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے تبدیل ہونے والے موٹر سائیکل کو ٹریس کیا اور مسلسل کوششوں کے بعد اسے تلاش کرلیا۔ پولیس نے موٹر سائیکل برآمد کرکے قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد اصل مالک کے حوالے کر دیا۔
موٹر سائیکل واپس ملنے پر شہری نے جہلم پولیس کے بروقت رسپانس، فوری کارروائی اور موٹر سائیکل کی بحفاظت واپسی پر پولیس کا اظہارِ تشکر کیا اور پولیس کی کارکردگی کو سراہا۔
ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری نے کہا کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ اور ان کی شکایات کا فوری ازالہ جہلم پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ شہریوں کی جانب سے موصول ہونے والی ایمرجنسی کالز پر بروقت رسپانس اور دستیاب جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کار لاتے ہوئے مسائل کے حل کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔


