سوہاوہ میں پولیو جیسی پراسرار بیماری کے دو کیس کا انکشاف ہوا ہے، پولیو کی علامات محنت کش کے دو سگے بیٹوں میں پائی گئیں ہیں، بیماری نے دونوں بھائیوں کو اچانک چلنے سے معذور کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل سوہاوہ میں آٹھ اور چھ سال کی عمر کے دو بچوں میں پولیو جیسی پراسرار بیماری کا انکشاف ہوا ہے، دونوں بچوں میں یکے بعد دیگرے دو سال قبل اچانک پولیو جیسے پراسرار مہلک مرض کی علامات ظاہر ہوئیں اور چند ہی ہفتوں میں انہیں چلنے پھرنے سے معذور کر دیا۔

سوہاوہ کے محلہ چوہدری یوسف کے رہائشی غریب رکشہ ڈرائیور پر اس وقت قیامت ٹوٹی جب اس کے دو ہنسے کھیلتے بچے اچانک چلنے پھرنے سے محروم ہو گئے۔
رکشے پر محنت مزدوری کرنے والے محنت کش کے بڑے بیٹے کو ٹانگوں میں درد ہوا تو اسے معمولی درد سمجھ کر مقامی ہسپتال میں چیک اپ کروا کر میڈیسن دلوائی گئی لیکن افاقہ نہ ہوا۔ اچانک دیکھتے ہی دیکھتے پہلے بڑے بیٹے کو چلنے پھرنے میں دشواری کا سامنا ہوا جس کے کچھ ہی ہفتوں بعد دوسرے بیٹے پر پراسرار بیماری کا حملہ ہوا اور وہ بھی ٹانگوں سے معذور ہو گیا۔
رکشہ ڈرائیور نے اپنے بیٹوں کے علاج کے لیے سرکاری اور پرائیوٹ ہسپتالوں میں چیک اپ کروایا لیکن کوئی بھی اس پراسرار بیماری کی تشخیص نہ کر سکا۔ غریب والدین نے متعدد ماہرین صحت سے بھی رجوع کیا مگر بیماری کا پتہ نہیں لگایا جا سکا۔

والدین کے مطابق انہوں نے اپنی جمع پونجی اور سامان بیچ کر درجنوں ٹیسٹ بھی کروائے مگر کوئی ڈاکٹر بیماری کی صحیح تشخص کر سکا۔ بچوں کی والدہ کے مطابق تمام بچوں کو حفاظتی ٹیکوں کا مکمل کورس بھی کروایا گیا تھا۔
بچوں کی والدہ نے اعلی حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ان کے دونوں بیٹوں کی پولیو جیسی پراسرار بیماری کا پتہ لگایا جائے اور ان کے ان کے علاج معالجہ میں مدد کی جائے۔


