جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت کی جانب سے دیے گئے رمضان پیکج اور بے نظیر انکم سپورٹ کی امداد حاصل کرنے والے شہریوں کو بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں۔ خاص طور پر خواتین کے لیے بیٹھنے کا مناسب انتظام کیا جائے اور ان کی رجسٹریشن کے عمل کو جلد از جلد مکمل کیا جائے تاکہ کسی کو مشکلات کا سامنا نہ ہو۔
ڈپٹی کمشنر میثم عباس نے میونسپل کمیٹی دفتر جہلم کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے رجسٹریشن کاؤنٹرز پر خواتین کی رجسٹریشن کے عمل کا جائزہ لیا اور عملے سے تفصیلات معلوم کیں۔ اس موقع پر انہوں نے ہدایت کی کہ رمضان المبارک کے پیش نظر شہریوں کے لیے سایہ دار جگہ اور آرام دہ بیٹھنے کا بندوبست کیا جائے تاکہ رجسٹریشن کے دوران انہیں کسی قسم کی پریشانی نہ ہو۔
بعد ازاں ڈپٹی کمشنر نے میونسپل کمیٹی کے نقشہ برانچ، ریکارڈ برانچ اور دیگر دفاتر کا بھی دورہ کیا۔ انہوں نے دفاتر کی تزئین و آرائش (رینویشن) کے حوالے سے میونسپل افسران کو فوری طور پر ایک جامع پلان تیار کرنے کی ہدایت کی تاکہ عوام کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔


