سوہاوہ/ چکوال: کمشنر راولپنڈی ڈویژن انجینئر عامر خٹک نے دارالعرفان منارہ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے شیخ سلسلہ نقشبندیہ اویسیہ امیر عبدالقدیر اعوان سے خصوصی ملاقات کی اور ادارے کے نظم و نسق، سالانہ اجتماع کے تربیتی پروگرام اور تعلیمی نظام کو بھرپور انداز میں سراہا۔
دورے کے دوران کمشنر راولپنڈی نے صقارہ ایجوکیشن سسٹم اور صلہی سکول کا بھی وزٹ کیا، جہاں انہیں جاری تدریسی سرگرمیوں اور طلبہ کی تربیت سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
امیر عبدالقدیر اعوان نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دارالعرفان میں روایتی مدارس کا نظام نہیں بلکہ ایک ایسا متوازن نصابِ تعلیم متعارف کرایا گیا ہے، جو جدید تقاضوں کے مطابق ہے اور طلبہ کو ایک باعمل مسلمان اور ذمہ دار شہری بنانے پر زور دیتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ادارے میں دینی تعلیم کے ساتھ ساتھ اخلاقی تربیت اور کردار سازی پر خصوصی توجہ دی جاتی ہے تاکہ فارغ التحصیل افراد اپنی عملی زندگی میں اسلام کے روشن اصولوں پر کاربند رہیں۔
کمشنر عامر خٹک نے حضرت مولانا امیر محمد اکرم اعوان رحمۃ اللہ علیہ کے مزار پر بھی حاضری دی اور دعا کی۔ اس موقع پر امیر عبدالقدیر اعوان نے انہیں مہر نبوت والی شیلڈ بھی پیش کی جو عقیدت اور اعزاز کی علامت ہے۔
انجینئر عامر خٹک نے دارالعرفان کے تعلیمی اور تربیتی نظام کو سراہتے ہوئے اسے معاشرے کی بہتری کے لیے ایک روشن مثال قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ایسے ادارے نوجوان نسل کو مثبت سمت فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔


