سوہاوہ: سابق ایم پی اے و پارلیمانی سیکرٹری راجہ اویس خالد کی تجاویز پر سڑکوں، گلیوں اور عوامی سہولیات کے لیے منظور ہونے والے منصوبوں پر عملی کام کا آغاز ، بلال اظہر کیانی نے چکوال موڑ تا موہری براستہ کوٹ دھمیک 11 اعشاریہ 50 کلو میٹر سڑک کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت کی طرف سے ضلع جہلم بالخصوص سوہاوہ میں ترقیاتی کاموں کا عملی آغاز کی پہلی تقریب سوہاوہ چکوال موڑ میں منعقد ہوئی۔ سڑک کا سنگ بنیاد بدست ممبر قومی اسمبلی بلال اظہر کیانی اور سابق ایم پی اے و پارلیمانی سیکرٹری راجہ اویس خالد رکھا گیا۔
چکوال موڑ سے موہری براستہ کوٹ دھمیک روڈ کی لمبائی 11 اعشاریہ 50 کلو میٹر ہے جس پر 13 کروڑ 63 لاکھ روپے لاگت آئے گی جبکہ چکوال موڑ تا اندرون کھبل اعوان روڈ کا بھی سنگ بنیاد رکھا گیا۔
صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی پی 24 جہلم ون میں ترقیاتی کاموں کے حوالے سے سڑکوں، گلیوں اور عوامی فلاح کے منصوبوں کی تفصیل راجہ اویس خالد نے دے رکھی ہے جس پر بلال اظہر کیانی ایم این اے نے مختلف منصوبوں پر فنڈز جاری کروائے اور ان منصوبوں پر عملی کام کا آغاز بھی کر دیا گیا۔
بلال اظہر کیانی اور راجہ اویس خالد نے تقریب میں میڈیا کو بتایا کہ سڑک کا کام جنوری کے اختتام پر پورا کر دیا جائے گا۔ کام کے معیار پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا۔ عوامی مفاد کے منصوبوں پر عملی طور پر آغاز کر دیا گیا ہے، بہت جلد حلقہ کی عوام کے مطالبات کو عملی جامع پہنایا جائے گا اور بہت جلد تمام سڑکوں گلیوں سمیت عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں پر کام کا آغاز ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ حلقہ کی محروموں کا ازالہ عملی طور پر نظر آئے گا۔ میرے گھر کے دروازے اپنے حلقے کی عوام کے لیے ہر وقت کھلے ہیں۔ بہت جلد سوہاوہ واٹر سپلائی سکیموں کی مرمت اور از سر نو بحالی کے منصوبے کا بھی آغاز کیا جا رہا ہے۔ دیہی علاقوں میں رورل ہیلتھ سینٹر کی اپ گریڈیشن سمیت سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔
بنیادی مرکز صحت کا دورہ
بعد ازاں رکن قومی اسمبلی بلال اظہر کیانی نے سوہاوہ کی یونین کونسل پیل بنے خان کے گاؤں پیل مرزا میں بنیادی مرکز صحت کا دورہ کیا،
بلال اظہر کیانی نے بنیادی مرکز صحت پیل مرزا کی عمارت کی ری وومپنگ کے کام کا جائزہ لیا اور کنسٹرکشن کمپنی کو کام کی رفتار اور معیار برقرار رکھنے کی ہدایات جاری کیں۔
بلال اظہر کیانی نے بنیادی مرکز صحت پیل مرزا میں دستیاب صحت کی سہولیات کا بھی جائزہ لیا اور مریضوں کو تمام ممکنہ سہولیات مہیا کرنے کی ہدایات کی۔
اس موقع پر ایم این اے بلال اظہر کیانی کا کہنا تھا کہ بی ایچ یو میں مقامی افراد کے لئے صحت کی بنیادی سہولیات میسر ہوں گی اور ادویات کی مفت فراہمی یقینی بنائے جائے گی۔


