جہلم:سپریم کورٹ کی جانب سے مخصوص نشستیں دینے کے فیصلے کے خلاف جہلم اور پنڈدادنخان میں مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں نے احتجاجی مظاہرہ کیا،کارکنوں نے نعرے بازی کرتے ہوئے روڈ پر ٹائر جلا کر سڑکیں بند کر دیں۔
تفصیلات کے مطابق مخصوص نشستوں سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے کیخلاف پاکستان مسلم لیگ (ن) نے جہلم میں جادہ کے مقام پراحتجاجی مظاہرہ کیا اور جی ٹی روڈ کو احتجاجاً بند کردیا گیا۔
تحصیل پنڈدادنخان سپریم کورٹ کے مخصوص نشستوں پر فیصلے کے خلاف صدر مسلم لیگ ن یوتھ ونگ ضلع جہلم نوابزادہ راجہ طالب مہدی خان کی قیادت میں کارکنوں کی بڑی تعداد نے للِہ انٹر چینج پر احتجاجی مظاہرہ کیا، احتجاج کے باعث للِہ انٹر چینج موٹر وے سے ان آوٹ ہونے والی ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔ احتجاجی مظاہرہ میں للِہ کندوال، ٹوبھہ، سروبہ، بھیلوال اور احمد آباد سے مسلم لیگی کارکنوں نے شرکت کی۔
جادہ کے مقام پر احتجاجی مظاہرہ میں ممبر قومی اسمبلی چوہدری فرخ الطاف کے پرسنل سٹاف آفیسر ڈاکٹر فضل الحق فضلی نے عدالتی فیصلے کو مسترد کر دیا اور عدلیہ کو 9 مئی کے حمایت یافتہ قرار دے دیا۔
انہوں نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ججز نے قانون کو دوبارہ سے لکھا سنی اتحاد کونسل نے تحریری ڈکلیئریشن دی کہ ہم الیکشن میں حصہ نہیں لے رہے تو ہم لسٹ کیسے فراہم کریں لیکن پھر بھی ججز نے پی ٹی آئی کے حق میں فیصلہ دے دیا، پی ٹی آئی اس پیٹیشن میں فریق ہی نہیں تھی۔
ڈاکٹر فضل الحق نے کہا کہ سابق چیف جسٹس ثاقب شار نے جولاڈلے پن کے بیج بوئے تھے مسلم لیگ ن اس کی سزا بھگت رہی ہے اور اس کے اثرات آج پورے ملک پر چھائے ہوئے ہیں۔ ڈیڑھ برس تک پی ٹی آئی کو نوٹسز جاری ہوتے رہے کہ آپ انٹر پارٹی ایکشن کروائیں اور جب الیکشن کروائے تو وہ بھی سب کے علم میں ہے ۔
انہوں نے کہا کہ ضلع جہلم کے غیورعوام پاکستان مسلم لیگ ن کے ساتھ کھڑے ہیں، ضلع جہلم پاکستان مسلم لیگ ن کا قلعہ ہے۔ ضلع جہلم کی باشعور عوام میاں محمد نواز شریف ، میاں محمد شہباز شریف، مریم نواز شریف اور چوہدری فرخ الطاف کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔
ادھر پنڈدادنخان میں احتجاجی مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے نوابزادہ راجہ طالب مہدی خان نے کہا کہ بنی گالہ سے منظور شدہ فیصلے قبول نہیں، مسلم لیگ ن میاں نواز شریف کی قیادت میں ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرے گی۔ ملک کو انتشار کی سیاست سے پاک کرے گی۔


