جہلم: کمشنر راولپنڈی ڈویژن انجینئر عامر خٹک نے ضلع جہلم کا دورہ کیا اور عوامی خدمت و گڈ گورننس کے فروغ کے لیے ضلعی انتظامیہ کو سخت ہدایات جاری کیں۔
دورے کے آغاز پر کمشنر راولپنڈی نے تحصیل پنڈدادن خان کے مقام پر للِہ تا جہلم دو رویہ سڑک کی تعمیر کا جائزہ لیا اور ہدایت کی کہ حکومت پنجاب کی مقرر کردہ مدت کے اندر یہ روڈ مکمل کیا جائے، جبکہ اعلیٰ معیار کے مٹیریل کے استعمال کو یقینی بنایا جائے۔
بعد ازاں کمشنر نے ٹی سی آفس جہلم کا دورہ کیا اور اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی، جس میں ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز سنیہ صافی اور دیگر متعلقہ محکموں کے سربراہان نے شرکت کی۔
اجلاس میں کمشنر راولپنڈی نے عوامی فلاح و بہبود اور گڈ گورننس کے لیے فوری اقدامات کی ہدایت کی۔ انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب کی مہم "ستھرا پنجاب” پر زور دیتے ہوئے کہا کہ جہلم شہر اور ملحقہ علاقوں میں صفائی ستھرائی کے انتظامات بین الاقوامی معیار کے مطابق کیے جائیں اور روزانہ کی بنیاد پر موثر مانیٹرنگ یقینی بنائی جائے۔
پیرا فورس کے حوالے سے کمشنر نے ہدایت کی کہ بازاروں، سڑکوں اور سرکاری زمینوں پر کی گئی تجاوزات کا فوری اور مستقل خاتمہ کیا جائے تاکہ شہریوں کے لیے ٹریفک کی روانی اور آزادانہ نقل و حرکت ممکن ہو۔ اجلاس میں تجاوزات ہٹانے کے بعد شہر کی خوبصورتی اور شجرکاری کو بھی تیز کرنے کی ہدایت دی گئی۔
انجینئر عامر خٹک نے سرکاری دفاتر کی کارکردگی اور عوامی خدمت کے معیار کو بلند کرنے کے لیے بھی اہم ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کو ریلیف فراہم کرنا انتظامیہ کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ تمام سرکاری دفاتر، خصوصاً ہیلتھ اور ریونیو مراکز کے باہر پینافلکسز لگائے جائیں جن پر مطلوبہ سروس کے لیے درکار تمام دستاویزات اور مقررہ فیس کی تفصیلات درج ہوں۔
عوامی شکایات کے بروقت اور شفاف ازالے کے لیے مؤثر میکینزم بنانے، اوپن ڈور پالیسی کے تحت افسران کے دفاتر عوام کے لیے کھلے رکھنے اور شہری مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی بھی ہدایت دی گئی۔
ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن نے کمشنر کو یقین دلایا کہ ان کی ہدایات پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا اور ضلع جہلم کی انتظامی کارکردگی کو وزیر اعلیٰ پنجاب کے گڈ گورننس پروگرام کے معیار کے مطابق بہتر بنایا جائے گا۔


